شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 9اپریل کو طلب
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلاک کمیٹی کا اجلاس منگل 9 اپریل کو طلب کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس منگل نو اپریل بروز منگل کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا جبکہ اس موقع پر کراچی اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں زونل کمیٹیوں کا اجلاس ہو گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور کے دفتر میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس ہوگا جہاں شوال کا چاند دیکھنے کے ساتھ ساتھ ملک بھر سے شہادتیں وصول کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ نئے چاند کی پیدائش 8 اپریل کو رات 11 بج کر 21 منٹ پر ہو گی اور اس روز چاند کی عمر 19 سے 20 گھنٹے ہو گی۔
غروبِ آفتاب کے بعد چاند نظر آنے کا دورانیہ 50 منٹ سے زائد ہو گا اور اس دن مطلع صاف ہونے کے پیش نظر 9 اپریل کو عید الفطر کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں اور اس طرح عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت پہلے ہی عید الفطر کے لیے 4 تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ عید کی تعطیلات 10 اپریل (بدھ) سے 13 اپریل (ہفتہ) تک ہوں گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔