• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

شائع April 6, 2024
فائل فوٹو: اے پی پی
فائل فوٹو: اے پی پی

وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ 3روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے جہاں وہ آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے۔

وزیر اعظم کے وفد میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی کابینہ کے اراکین وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، خواجہ آصف، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، عطااللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیر اعظم شہبازشریف کمرشل فلائٹ کے ذریعے سعودی عرب پہنچے اور فلائٹ میں مسافروں کے ساتھ گھل مل گئے۔

اس موقع پر پرواز میں موجود مسافروں نے وزیراعظم کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔

وزیراعظم آج رات مدینہ منورہ میں قیام کریں گے۔

اس سے قبل سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے علاوہ مدینہ منورہ میں مسجد نبویﷺ میں نماز ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آج پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کچھ دیر بعد ہم وزیراعظم کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوں گے، کابینہ کے اراکین کے علاوہ وزیراعظم کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ جائیں گے، کمرشل فلائٹ پر یہ وفد جائے گا، وفد کے تمام اراکین اخراجات اپنی جیب سے ادا کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ جو وزرا ساتھ جا رہے ہیں، ان میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور وزیر اطلاعات شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمرے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اہم ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، وہاں سے ان پیش رفت سے وقتاً فوقتا میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا تھا کہ کہ وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہوگا۔

مزید کہا تھا کہ وزیراعظم کے ہمراہ وزرائے خارجہ، دفاع، خزانہ، اطلاعات اور اقتصادی امور بھی سعودی عرب جائیں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمرے کی ادائیگی کریں گے اور بعد ازاں مسجد نبوی میں حاضری دیں گے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ رہنما علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

بیان میں مزید بتایا گیا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جن کی جڑیں مذہبی اور ثقافتی وابستگی پر ہیں، پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کے لیے انتہائی عزت اور احترام رکھتے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024