• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے پر اسپیکر، ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست

شائع April 2, 2024
—فائل فوٹو:
—فائل فوٹو:

مخصوص نشستوں پر اراکین اسمبلی سے حلف نہ لینے پر اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پشاور ہائی کورٹ میں دائر کردی گئی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق شازیہ تہماس خان و دیگر منتخب اراکین کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود نومنتخب اراکین اسمبلی سے حلف نہیں لیا گیا۔

درخواست میں مزید کہا گیا کہ اراکین اسمبلی کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ کا حق نہیں دیا گیا، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور دونوں کو توہینِ عدالت پر نااہل قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مخصوص نشستوں پر منتخب اراکین کے حلف سے مشروط کیے تھے۔

آج 2 اپریل کو سینیٹ کی 30 خالی نشستوں پر پولنگ کے روز خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے معاملے پر اپوزیشن نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرادی تھی۔

درخواست اپوزیشن کے احمد کریم کنڈی نے صوبائی الیکشن کمیشنر کے پاس جمع کرائی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا، الیکشن ملتوی کیا جائے۔

دریں اثنا صوبائی الیکشن کمشنر نے انتخاب ملتوی کرنے کا اعلان کردیا، الیکشن کمیشن کا عملہ سامان سمیت خیبرپختونخوا اسمبلی سے روانہ ہوگیا۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینٹ انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرسربراہی 5 رکنی الیکشن کمیشن نے تحریری حکم نامہ جاری کیا، جس پر تمام اراکین کے دستخط بھی ہیں۔

تحریری حکم نامہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 اور الیکشن ایکٹ کے تحت امیدواروں سے حلف نہ لیے جانے پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔

حکم نامہ کے مطابق نو منتخب ارکانِ خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلف تک انتخابات روک دیے گئے ہیں۔

تحریری فیصلے میں واضح کیا گیا ہے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدواروں نے حلف کے لیے اسپیکر صوبائی اسمبلی سے رابطہ کیا، اس کے باوجود اسپیکر صوبائی اسمبلی نے حلف سے متعلق انتظامات نہ کیے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024