• KHI: Asr 4:40pm Maghrib 6:20pm
  • LHR: Asr 4:08pm Maghrib 5:49pm
  • ISB: Asr 4:12pm Maghrib 5:53pm
  • KHI: Asr 4:40pm Maghrib 6:20pm
  • LHR: Asr 4:08pm Maghrib 5:49pm
  • ISB: Asr 4:12pm Maghrib 5:53pm

دہشتگرد حملے میں ہلاک 5 چینی باشندوں کی میتیں چین پہنچادی گئیں

شائع April 1, 2024
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام میں دہشتگرد حملے میں ہلاک 5 چینی باشندوں کی میتیں خصوصی طیارے سے چین پہنچادی گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی خصوصی طیارے میں چین پہنچے۔

سالک حسین چینی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے چین پہنچے، ووہان ایئرپورٹ پر چین کے اعلیٰ حکومتی حکام اور پاکستانی نمائندے نے استقبال کیا۔

وفاقی وزیر نے جاں بحق چینی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

چوہدری سالک حسین نے صوبہ ہوبی کی نائب گورنر مس چن پنگ سے ملاقات کی، وفاقی وزیر نے معصوم جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے چوہدری سالک حسین اس گھناونے جرم کا ارتکاب کرنے والے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کہ 26 مارچ کو خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔

محمد علی گنڈاپور نے مزید بتایا تھا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اُن کا ایک پاکستانی ڈرائیور بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے واقعے کے ذمے داروں اور سہولت کاروں کے خلاف تحقیقات کر کے انہیں قرار واقعی سزا دینے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پاک فوج نے خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر خودکش حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بزدلانہ کارروائیوں میں پاکستان کی اقتصادی ترقی کے اہم اسٹریٹجک پروجیکٹس کو نشانہ بنایاجارہا ہے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کو غیر مستحکم کرنا ہے۔

27 مارچ کو وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بشام میں دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنائی جائے گی۔

30 مارچ کو کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ بشام واقعہ میں ملوث عناصر نہیں چاہتے ہیں کہ پاک-چین دوستی آگے بڑھے۔

کارٹون

کارٹون : 30 ستمبر 2024
کارٹون : 28 ستمبر 2024