• KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:33am
  • ISB: Fajr 5:16am Sunrise 6:43am
  • KHI: Fajr 5:31am Sunrise 6:51am
  • LHR: Fajr 5:09am Sunrise 6:33am
  • ISB: Fajr 5:16am Sunrise 6:43am

امریکا کے ساتھ عالمی امن اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں، شہباز شریف

شائع March 31, 2024
وزیر اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو: اے ایف پی
وزیر اعظم شہباز شریف— فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ عالمی امن، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کے خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک امریکا تعلقات کو کلیدی اہمیت دیتے ہیں اور پاکستان اور امریکا مختلف شعبوں میں اہم اقدامات پر مل کر کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے اور گرین الائنس اقدامات میں پاک امریکا تعاون خوش آئند ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ عالمی امن، خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنے کا خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیر اعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر نو منتخب حکومت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

امریکی صدر نے لکھا تھا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان شراکت داری دنیا اور ہمارے عوام کی سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے ، دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

خط میں کہا گیا تھا کہ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لیے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے جبکہ امریکا اور پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گا۔

امریکی صدر نے خط میں کہا ہے کہ دونوں اقوام کے درمیان استوار مضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے ، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔

اس سے قبل 15 مارچ کو امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا تھا کہ امریکا، پاکستان کو ’اہم پارٹنر‘ سمجھتا ہے اور نئی منتخب حکومت کے ساتھ مضبوط دوطرفہ تعلقات کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔

ڈونلڈ بلوم نے اس بات کا اظہار وزیر اعظم شہباز سے ہونے والی ملاقات میں کیا تھا جو حال ہی میں وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ان کی پہلی ملاقات تھی، بلوم نے شہباز شریف کو بطور وزیراعظم انتخاب پر مبارکباد بھی دی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 17 نومبر 2024
کارٹون : 16 نومبر 2024