دکانداروں، چھوٹے تاجروں سے ٹیکس وصولی کیلئے تاجر دوست اسپیشل پروسیجر متعارف
فیڈل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے تاجر دوست اسپیشل پروسیجر2024 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت دکانداروں اور چھوٹے تاجروں کی رجسٹریشن کر کے ان سے ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
ڈان نیوز کے مطابق تاجردوست اسپیشل پروسیجر کا اطلاق تاجروں اور دکانداروں پر ہوگا اور اس اسکیم کے تحت تاجروں اور دکانداروں کی رجسٹریشن یکم اپریل سے ہو گی جو 30 اپریل تک جاری رہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ ایڈوانس انکم ٹیکس کی پہلی وصولی 15جولائی سے ہوگی۔
تاجر دوست اسپیشل پروسیجر کے لیے رجسٹریشن ٹیکس سہولت سینٹروں کے ذریعے بھی ہوسکے گی جبکہ تاجر اور دکاندارموبائل ایپ یا ایف بی آر کے ویب پورٹل پر رجسٹریشن کرا سکیں گے۔
اس اسکیم کے تحت تاجروں اور دکانداروں کے لیے کم از کم ایڈوانس ٹیکس1200روپے ہو گا اور اس کی رجسٹریشن کراچی، لاہور، پشاور، راولپنڈی، کوئٹہ اوراسلام آباد میں ہوگی۔
اس اسکیم کا اطلاق مینوفیکچررز کم ریٹیلرز، امپورٹر کم ریٹیلرز، چھوٹے تاجروں، دکانداروں، ہول سیلرز ،ریٹیلرز پر ہو گا جبکہ اس سے آن لائن کام کرنے والے اداروں اور کاروباروں کو بھی ٹیکس کےدائرہ کار میں لایا جا سکے گا۔
اس نئی ٹیکس اسکیم کے اطلاق سے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کی ایک اور شرط پوری ہو جائے گی جس نے 20 مارچ کو اسٹاف لیول ایگریمنٹ کے بعد پاکستان کے لیے 3ارب ڈالر کے بیل آؤٹپیکج کی منظوری دیتے ہوئے پاکستان سے ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا۔