کراچی: ڈی آئی جی کے بیٹے کی ہتھیاروں، منشیات کےساتھ تصاویر اور ویڈیوز وائرل، آئی جی سندھ کا نوٹس
کراچی میں ایس ایچ او کے بیٹے کے بعد مبینہ طور پر ڈی آئی جی کے بیٹے کی بھی ہتھیاروں اور منشیات کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہوگئیں جس کے بعد انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ویڈیو میں نوجوان کو پستول اور رائفل سے گاڑی سے فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں جدید اسلحے کے ساتھ منشیات بھی نمایاں ہے۔
تصاویر میں نوجوان کے ہمراہ پولیس اہلکاروں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
فوٹیج میں ڈی آئی جی شرقی کیپٹن (ر) غلام اظفر مہیسر کی تصویر بھی واضح ہے۔
نوجوان کی ڈی آئی جی شرقی کے ہمراہ تصاویر بھی سامنے آگئیں۔
تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سندھ پولیس کی جانب سے آج جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پی غلام نبی میمن نے ڈی آئی جی شرقی کے خلاف انکوائری کا حکم دے دیا اور کراچی کے ایڈیشنل آئی جی پی کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ انکوائری مکمل ہونے پر محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی۔ اس نے کہا گیا کہ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائے گی کہ آیا اس واقعے میں استعمال ہونے والے ہتھیار سرکاری طور پر جاری کیے گئے تھے یا نہیں۔
آئی جی غلام نبی میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’کسی کو بھی اس طرح خوف اور افراتفری پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘
دوسری جانب غلام اطفر مہیسر کا مؤقف ہے کہ ویڈیوز کسی نے ایڈیٹ کرکے وائرل کی ہیں۔