چیئرمین پی سی بی سے آئی سی سی وفد کی ملاقات، چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات پر تبادلہ خیال
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کے چیئرمین محسن نقوی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد نے ملاقات کی جس میں چیمپئنز ٹرافی 2025 کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کرنے والے آئی سی سی کے وفد کی قیادت کرس ٹیٹلے کرس کر رہے تھے، وفد کے دیگر ارکان میں سارہ ایگرڈ اور عون زیدی شامل تھے۔
پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کے انتظامات کے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس میں بتایا گیا کہ آئی سی سی کے وفد نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے لیے پی سی بی کے عزم کا اعادہ کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جائیں گے، چیمپئنز ٹرافی جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے، اس کے مطابق انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائے گا، تمام ضروری امور بر وقت مکمل کر لیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فروری 2025 میں شیڈول ہے، جس کی میزبانی پاکستان کرے گا۔
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کل 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور ایک روزہ بین الاقوامی (ون ڈے انٹرنیشنل) طرز کی کرکٹ کھیلیں گی۔
آئی سی سی کے ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کی سرِ فہرست 7 ٹیموں نے اس ٹورنامنٹ کے لیے اپنی پوزیشن محفوظ کر لی تھی جبکہ پاکستان نے بطورِ میزبان اس کے لیے کوالیفائی کیا۔
پاکستان میں ہونے والی 2025 چیمپئنز ٹرافی میں ویسٹ انڈیز، زمبابوے اور آئرلینڈ کی ٹیمیں شامل نہیں ہوں گی۔
پاکستان نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے دسمبر میں آئی سی سی کے ساتھ میزبانی کے حقوق کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، ایونٹ کے ملک میں انعقاد کے بارے میں شکوک و شبہات تھے جب کہ اس سے قبل بھارت نے پی سی بی کو ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کے بیشتر میچوں کی میزبانی سری لنکا میں کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔
چیمپئنز ٹرافی1996 کے بعد پاکستان میں کھیلا جانے والا پہلا بڑا عالمی کرکٹ ٹورنامنٹ ہوگا، 1996 میں پاکستان نے بھارت اور سری لنکا کے ساتھ کرکٹ ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کی تھی۔