• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

اسلام آباد ہائیکورٹ کی پی ٹی آئی کو 30 مارچ کے جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت

شائع March 27, 2024
—فائل فوٹو: عرفان حیدر
—فائل فوٹو: عرفان حیدر

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 30 مارچ کے جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پی ٹی آئی کی اسلام آباد میں 30 مارچ کو جلسے کی اجازت دینے کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔

دوران سماعت سرکاری وکیل نے کہا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، جلسے سب نے کیے ہیں، آپ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لیں۔

پی ٹی آئی کے وکیل و رہنما شیر افضل مروت کا کہنا تھا ہم اب 6 اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ آپ صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ گزشتہ روز دہشتگردی کا ایک افسوسناک واقعہ بھی ہوا ہے، جس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ زندگی رکتی تو نہیں ہے، چلتی رہتی ہے، ہمیں اسی طرح دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ہدایات لینے کا وقت دے دیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ آپ کی رضامندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ میں نے کرنا ہے۔

دریں اثنا اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت دے دی۔

چیف جسٹس نے سرکاری وکیل کو ہدایت دی کہ اپنی شرائط و ضوابط پر عملدرآمد کروا کے جلسے کی اجازت دے دیں۔

قبل ازیں ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد نے پی ٹی آئی کی جلسے کی اجازت کی درخواست مسترد کردی تھی، بعدازاں پی ٹی آئی نے معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کر کے آج تک جواب طلب کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024