• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

بشام خودکش حملہ: صدر مملکت آصف علی زرداری کا اظہار مذمت

شائع March 26, 2024
آصف علی زرداری— فائل فوٹو: اے ایف پی
آصف علی زرداری— فائل فوٹو: اے ایف پی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر ہونے والے خودکش حملے پر شدید اظہار مذمت کیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایوان صدر سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ آصف علی زرداری نے حملے میں چینی باشندوں کی ہلاکت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور چینی حکومت سے تعزیت بھی کی۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن قوتیں پاک - چین دوستی کو نقصان پہنچانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی شانگلہ میں چینی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہونے والے چینی شہریوں کے خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے لواحقین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں چین کی حکومت اور ہلاک شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی شہریوں پر حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، علی امین گنڈاپور

وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی بشام میں ہونے والے خودکش حملے پر شدید اظہار مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلی نے واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا، انہوں نے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔

چین سے آنے والے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بشام میں ہونے والے خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حادثے میں ہونے والی اموات پر اظہار افسوس کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین سے آنے والے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امر ہے، دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

چینی باشندوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے، اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے شانگلہ بشام کے مقام پر مسافر وین پر خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور چینی باشندوں اور مقامی افراد کے قیمتی جانی کے نقصان پر افسوس کا اظہا کیا۔

قومی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری بیں میں انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنانا گھناؤنی شازش ہے، دہشتگرد اپنے مذموم مقاصد کے لیے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، پاکستان کی پارلیمان اور عوام دہشتگردی کے اس واقعہ میں جان بحق چینی شہریوں کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے اس واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائے۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ چین پاکستان کا مخلص اور بااعتماد دوست ہے چینی باشندوں پر حملہ ناقابل برداشت ہے۔

اس کے علاوہ وزیر اعلٰی گلگت بلتستان نے بھی بشام میں دہشت گردی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خودکش حملے میں بےگناہ جانوں کی ضیاع پر دکھ ہوا ہے۔

خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ میں بشام کے مقام پر گاڑی پر مبینہ خودکش حملے کے نتیجے میں 5 چینی باشندوں سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرائی، گاڑی پر حملے میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے رائٹرز’ کے مطابق دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 چینی باشندوں کے علاوہ اُن کا ایک مقامی ڈرائیور بھی شامل ہے۔

ریجنل پولیس چیف محمد علی گنڈاپور نے غیرملکی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی چینی انجینئرز کے قافلے سے ٹکرا دی جو اسلام آباد سے صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے داسو میں اپنے کیمپ کی جانب جا رہے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025