• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سلیکشن کمیٹی تحلیل کر دی

شائع March 24, 2024
—فائل فوٹو: پی سی بی
—فائل فوٹو: پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے موجودہ سلیکشن کمیٹی کو تحلیل کر دیا۔

ترجمان پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ نئی سلیکشن کمیٹی ٹیم کے انتخاب کے لیے میرٹ پر آزادانہ فیصلے کرے گی۔

پی سی بی کی جانب سے واضح کیا گیا کہ نئی سلیکشن کمیٹی کے میرٹ پر فیصلے سب کے سامنے ہوں گے۔

اس سے قبل سابقہ سلیکشن کمیٹی فاسٹ باؤلر وہاب ریاض کی سربراہی میں کام کررہی تھی جبکہ توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر بھی کمیٹی کا حصہ تھے۔

کامران اکمل اور راؤ افتخار انجم کنسلٹنٹ ممبر تھے جبکہ حسن مظفر چیمہ منیجر اینالیٹکس اینڈ ٹیم اسٹریٹجی تھے۔

گزشتہ ہفتے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل میں پریس کانفرنس کے دوران سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیوں کا عندیہ دیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا تھا کہ میں اس کمیٹی میں کچھ تبدیلیاں کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں لیکن میرا خیال ہے کہ سلیکشن کمیٹی کو اتنا بااختیار ہونا چاہیے کہ وہ اہم فیصلے لے سکے۔

نئی سلیکشن کمیٹی کا پہلا اسائمنٹ 18 اپریل سے نیوزی لینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ہوم سیریز ہوگی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ 13 مارچ کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کر دیا تھا۔

شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل سے پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

سیریز کے پہلے 3 میچز 18 اپریل، 20 اپریل اور 21 اپریل کو راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد 25 اور 27 اپریل کو سیریز کے بقیہ 2 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے، سیریز کے تمام 5 میچز رات 7 بجے شروع ہوں گے۔

قبل ازیں گزشتہ ماہ 6 فروری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کو 3 برس کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) منتخب کرلیا گیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی کا انتخاب نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران ہوا، الیکشن میں پی سی بی بورڈ آف گورنر میں شامل مصطفیٰ رمدے اور محسن نقوی مدِمقابل تھے، تاہم مصطفیٰ رمدے نے بھی محسن نقوی کے حق میں ووٹ دیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024