کیٹ مڈلٹن میں کینسر کی تشخیص، ماہرہ خان کی افواہیں پھیلانے والوں پر تنقید
سوشل میڈیا پر برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ’لاپتا‘ ہونے کی افواہوں کے بعد گزشتہ روز ان کی جانب سے کینسر کی تشخیص کے حیران کن انکشاف کے بعد ماہرہ خان سمیت امریکی گلوکاروں نے سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلانے والوں پر تنقید کی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پرنسز آف ویلز کیتھرین میڈلٹن نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کینسر کی تشخیص کے بعد اب علاج کے ابتدائی مراحل سے گزر رہی ہیں۔
شہزادی کیتھرین کو لاحق کینسر کی تفصیلات ظاہر نہیں کی گئی ہیں لیکن کینسنگٹن پیلس نے کہا ہے کہ وہ اس بارے میں پر اعتماد ہیں کہ شہزادی صحت یاب ہو جائیں گی۔
شہزادی کیتھرین کے بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ جنوری میں پیٹ کی سرجری کے وقت یہ بات سامنے نہیں آئی تھی کہ انہیں کینسر ہے تاہم اس سرجری کے بعد ہونے والے ٹیسٹ میں یہ بات سامنے آئی۔
انہوں نے کہا کہ ’ولیم اور میں اپنے خاندان کی خاطر اس سارے معاملے کو نجی طور پر سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’فیملی کو اب کچھ وقت اور پرائیویسی چاہیے۔‘
اس دوران اداکارہ ماہرہ خان نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگ کس طرح ایک جگہ بیٹھ کر عوامی شخصیات کے بارے میں فضول باتیں لکھ لیتے ہیں۔‘
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ’ایسے لوگ اپنی ہی مضحکہ خیز conspiracy ٹھیورز پر یقین کرتے ہیں اور مطلبی باتیں کرکے اپنا پورا دن ضائع کرتے ہیں۔‘
ماہرہ خان نے کہا کہ ہر انسان کے لیے زندگی اہم ہے لیکن سب کو اپنی زندگی میں مختلف مشکلات کا سامنا بھی رہتا ہے، اسی لیے ہر کسی کے ساتھ اچھا سلوک کریں کیونکہ ہم اندازہ نہیں لگا سکتے کہ دوسرا انسان اپنی زندگی کس طرح گزار رہا ہے۔
امریکی گلوکارہ ہالسی نے انسٹاگارم اسٹوریز پر لکھا کہ ’امید ہے کہ وہ لوگ اور میڈیا جنہوں نے خاتون کی پرائیویسی کی خواہش کو سنسنی خیز بنایا تھا، اب وہ ندامت اور پچھتا رہے ہوں گے۔
برطانوی فلم ساز جمائما گولڈ اسمتھ ایکس پر لکھا کہ ’مجھے خدشہ ہے کہ کیٹ اور ولیم کے بارے میں جو لوگ سوشل میڈیا افواہیں پھیلا رہے تھے اب وہ پچھتا رہے ہیں ہوں۔‘
شہزادہ ہیری اور میگھن کی طرف سے نیک تمنائیں
دوسری جانب شہزادہ ولیم کے بھائی ہیری اور اہلیہ میگھن مارکل (جو شاہی محل چھوڑ پر امریکا منتقل ہوگئے ہیں) نے بھی شہزادی کیٹ مڈلٹن کےکینسر کی تشخیص پر انہیں جلد صحتیاب ہونے کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ شہزادی کیتھرین کے لیے ’صحت اور شفا‘ کے خواہاں ہیں۔
اس کے علاوہ برطانوی شاہ چارلس نے کہا کہ وہ اپنی بہو کی بہادری پر فخر محسوس کرتے ہیں جنہوں نے اپنی کینسر کی تشخیص کے بارے میں کھل کر بات کی۔