• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

قومی ٹیم کی کوچنگ، پی سی بی نے غیرملکی کوچز سے رابطے تیز کردیے

شائع March 21, 2024
فائل فوٹو: اے ایف پی
فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے غیر ملکی کوچز سے رابطے تیز کردیے لیکن تاحال کوئی نام فائنل نہیں ہوسکا۔

پی سی بی نے سابق آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن سے ڈیل فائنل نہ ہونے کے بعد مختلف متبادل آپشنز پر غور شروع کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شین واٹسن کے دوڑ سے باہر ہونے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو چیمپئن بنوانے والے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا نام بھی زیر غور ہے۔

باوثوق ذرائع نے بتایاکہ مشہور و معروف کوچز گیری کرسٹن اور جسٹن لینگر سے پی سی بی کی بات چیت ہوئی ہے جبکہ میتھیو ہیڈن اور فل سمنز سے بھی بورڈ کا رابطہ ہوا ہے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے نام آئندہ چندروز میں فائنل ہونے کا امکان ہے اور نام کی حتمی منظوری چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دیں گے۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان شیڈول پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کے انعقاد میں ایک ماہ سے بھی کم کا عرصہ رہ گیا ہے لیکن ابھی تک قومی ٹیم کے کوچ کا نام فائنل نہیں ہو سکا۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شین واٹسن کو ہیڈ کوچ کا عہدہ دینا چاہتا تھا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں بھی گردش کررہی تھیں کہ انہیں پی سی بی کی جانب سے عہدہ سنبھالنے کے لیے 20 لاکھ ڈالرز کی آفر دی گئی تھی۔

تاہم سابق آسٹریلین آل راؤنڈر نے دنیا کی مختلف لیگز میں کوچنگ اور کمنٹری کی ذمے داریوں کو قومی ٹیم کی کوچنگ پر فوقیت دیتے ہوئے پی سی بی سے معذرت کر لی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں کی سیریز کا آغاز 18 اپریل سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024