• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:48pm
  • LHR: Asr 3:26pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

بلوچستان: ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، ایک دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی

شائع March 21, 2024
—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
—فائل فوٹو: آئی ایس پی آر

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتا لگایا۔

آپریشن کے دوران ایک دہشت گرد چاکر لیاقت ہلاک ہو گیا جبکہ 2 دہشتگرد زخمی ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے سیکیورٹی فورسز نے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا جوکہ علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ علاقے میں موجود کسی بھی دوسرے دہشت گرد کا قلع قمع کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے واضح کیا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے میں دہشت گردی میں اضافے کے پیشِ نظر سیکیورٹی فورسز خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں سرگرم عمل ہیں۔

گزشتہ روز 20 مارچ کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے، ہلاک ہونے والے دہشت گرد علاقے میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

18 مارچ کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران انتہائی مطلوب دہشت گرد کمانڈر سحرا عرف جانان سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے، سحرا عرف جانان 16 مارچ کو میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا اور سیکیورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا۔

16 مارچ کو شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024