• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کیٹ مڈلٹن کی سرجری کے بعد پہلی ویڈیو منظرِ عام پر آگئی

شائع March 20, 2024
فائل فوٹو: ایکس
فائل فوٹو: ایکس

برطانیہ کی شہزادی آف ویلز کیٹ مڈلٹن کی دو ماہ قبل سرجری کرانے کے بعد ریکارڈ کی گئی پہلی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔

برطانوی اخبار ’دی سن‘ کی جانب سے شئیر کی گئی فوٹیج میں ہوڈی میں ملبوس کیٹ مڈلٹن کو مسکراتے ہوئے، اپنے شوہر شہزادہ ولیم کے ساتھ شاپنگ بیگ اٹھائے ونڈسر کی ایک فارم کی دکان سے باہر نکلتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 42 سالہ کیٹ مڈلٹن کی جنوری میں ان کے پیٹ کی سرجری کی گئی تھی جس کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا تھا، سرجری کے بعد کیٹ مڈلٹن کو عوامی تقریبات میں نہیں دیکھا گیا اور ان کی صحت کے حوالے سے بھی شاہی محل نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔

عوامی تقریبات اور میڈیا سے غائب رہنے کےبعد شہزادی کے ’لاپتا‘ اور سرجری کے بعد ’کومہ‘ میں چلے جانے کی خبریں وائرل ہوگئی تھیں یہاں تک یہ بھی افواہیں پھیلیں کہ شہزادی کی شہزادہ ولیم سے علیحدگی ہوگئی ہے، یہ افواہیں اتنی شدت اختیار کرگئی تھیں کہ عالمی میڈیا کی شہہ سرخیوں کی زینت بنتی رہیں۔

البتہ حالیہ ویڈیو جاری ہونے کے بعد یہ تمام افواہیں دم توڑتی دکھائی دے رہی ہیں، ویڈیو ریکارڈ کرنے والی 40 سالہ نیلسن سلوا نے دی سن کو بتایا کہ ’انہیں دیکھ کر ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ اپنے آپ کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن میرے خیال سے وہ بالکل نہیں جانتے کہ لوگ کیسا ردعمل دیں گے، کیٹ خوش اور پر سکون لگ رہی تھی اور وہ دونوں ایک دوسرے کے ساتھ خوش اور نارمل دکھائی دے رہے تھے۔ ’

جوڑے کے کینسنگٹن پیلس نے ویڈیو پر کوئی تبصرہ نہیں دیا، تاہم شاہی جوڑے کے ترجمان نے کہا ہے کہ کیٹ مڈلٹن کی طبیعت ٹھیک ہو رہی ہے لیکن 31 مارچ کو ہونے والے ایسٹر کے بعد تک وہ سرکاری مصروفیات میں حصہ نہیں لیں گی۔

انہوں نے پہلے بھی میڈیا سے شہزادی کی پرائیویسی کا احترام کرنے کو کہا تھا اور کہا تھا کہ وہ صرف اہم معلومات سے متعلق اپڈیٹس دے سکتے ہیں۔

شاپنگ کے بعد اپنے محل واپس جانے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ تبصرے کیے جارہے ہیں۔

تاہم کچھ انٹرنیٹ صارفین نے یہ ماننے سے انکار کردیا کہ یہ سرجری کے بعد کی ویڈیو ہے، کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ ویڈیو میں یہ خاتون کیٹ مڈلٹن نہیں بلکہ کوئی اور ہے، کچھ صارفین نے دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیو شہزادی کی سرجری ہونے سے قبل کی ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ خاتون کیٹ مڈلٹن سے ملتی جلتی ہیں لیکن شہزادی نہیں ہیں۔

ایک صارف نے کیٹ مڈلٹن سے ملتی جلتی خاتون کی تصویر شئیر کرتے ہوئے موازنہ بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024