• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ابھی فیصلہ نہیں کیا لیکن یہ فتح فلسطینیوں کے نام کرنی چاہیے، شاداب خان

شائع March 19, 2024
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان پی ایس ایل فائنل جیتنے کے بعد فلسطین کا پرچم تھامے ہوئے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان پی ایس ایل فائنل جیتنے کے بعد فلسطین کا پرچم تھامے ہوئے ہیں— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے مل کر فلسطین کا پرچم لے کر میدان کا چکر لگانے کا فیصلہ کیا تھا اور اگر مجھ سے پوچھیں گے یہ فتح یقیناً فلسطینیوں کے نام کرنی چاہیے۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں فتح کے بعد پریس کانفرنس کے دوران جب شاداب سے گراؤنڈ میں فلسطین کا پرچم لے کر چکر لگانے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ یہ ایک اہم اقدام تھا، یہ ہم سب کا مل کر ایک آئیڈیا تھا اور اللہ تعالیٰ نے ہمیں وہ موقع فراہم کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے لیے ہم جو کر سکتے ہیں تو ہمیں ان کے لیے وہ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔

جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ اپنی اس یادگار فتح کو فلسطین کے نام کریں گے تو لیگ اسپن آل راؤنڈر نے کہا کہ بہت مشکل سوال کیا ہے، ابھی اس بارے میں بات نہیں ہوئی لیکن اگر مجھ سے پوچھیں تو یقیناً یہ فتح ان کے نام کرنی چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں شاداب نے کہا کہ عماد وسیم نے یقیناً کچھ مسائل کی وجہ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ لیا ہو گا لیکن اب ان کا اپنا فیصلہ ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ واپس لینا چاہتے ہیں کیونکہ ورلڈ کپ کا سیزن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ آنے والا ہے تو ہمارے بہترین کھلاڑیوں کو موقع ملنا چاہیے، میری خواہش ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ میں پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے بھی اوپری نمبروں پر ہی بیٹنگ کرنا چاہتا ہوں لیکن میرا ماننا ہے کہ جہاں ٹیم کو ضرورت ہو میں کوشش کروں کہ اس جگہ پر میچز جتواؤں، جس نمبر پر بھی ٹیم کو ضرورت ہو اس نمبر پر کھیلنا چاہیے۔

ایک اور سوال کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان نے کہا کہ شاہ برادران کی والدہ نہیں ہیں، ماں ہر فرد کی ضرورت ہے تو میری والدہ کی کوشش ہوتی ہے کہ نسیم، حنین اور عبید کو وہ احساس فراہم کر سکیں، ہر شخص جس کی ماں نہیں ہے اس کو ماں کی کمی محسوس ہوتی ہے، تو میری والدہ کی کوشش ہوتی ہے کہ جس طرح وہ مجھ سے پیار کرتی ہیں، اسی طرح ان سے بھی پیش آئیں، ابھی وہ بہت جوان ہیں تو انہیں ماں کی ضرورت بھی زیادہ ہے، اسی وجہ سے میری والدہ ان کے بہت قریب ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024