• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

پرویز الہٰی جیل کے واش روم میں گرگئے، معمولی فریکچر ہو گیا، عدالت میں رپورٹ پیش

شائع March 19, 2024
—فائل فوٹو: ٹوئٹر/پی ٹی آئی
—فائل فوٹو: ٹوئٹر/پی ٹی آئی

پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کے دوران اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں پیش کی گئی جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب و رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پرویز الہٰی جیل کے واش روم میں گرگئے، جس کے سبب انہیں معمولی فریکچر ہو گیا۔

لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران جیل سپرنٹنڈنٹ کی رپورٹ پیش کی گئی، جس کے مطابق پرویز الہی 17 مارچ کو جیل واش روم میں گر گئے تھے، جس کے نتیجے میں انہیں معمولی سا فریکچر ہوا ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کی تعداد پوری نہ ہونے پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی،

اڈیالہ جیل کے ڈپٹی سپرٹنڈنٹ طاہر نے پرویز الہی کی میڈیکل رپورٹ پیش کی، عدالت نے کیس پر مزید سماعت تک 4 اپریل تک ملتوی کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے فرد جرم کی کاروائی کے لیے تمام ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

11 مارچ کو بھی مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں پرویز الہٰی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی تھی۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس 19 ستمبر کو پرویز الہٰی کو اس مقدمے سمیت محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تعیناتی کے معاملے پر دوبارہ میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

اس سے قبل چوہدری پرویز الہٰی کی رہائش گاہ کے ایک ہفتے تک جاری رہنے والے محاصرے کے بعد یکم جون کو انسداد بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ کی ایک ٹیم اور پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا تھا۔

انسداد بدعنوانی اسٹیبلشمنٹ (اے سی ای) کے مطابق پرویز الہٰی اختیارات کے ناجائز استعمال اور ترقیاتی فنڈز میں غبن سے متعلق کیس میں مطلوب تھے۔

اے سی ای کے ترجمان کے مطابق غیر قانونی تقرریوں کے کیس میں الزام لگایا گیا ہے کہ پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں گریڈ 17 کے 12 افسران کو میرٹ کے خلاف بھرتی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعلٰی پنجاب نے گجرات اور منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے نتائج تبدیل کیے، اس سلسلے میں سیکریٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

4 جون 2023 کو لاہور کی سیشن کورٹ نے غیر قانونی تقرری کیس میں پرویز الٰہی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، 20 جون کو چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور ہوگئی تھی۔

بعد ازاں 19 ستمبر 2023 کو پرویز الہٰی کو اس مقدمے سمیت محمد خان بھٹی کی غیر قانونی تقرری کے معاملے پر دوبارہ میں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

28 اکتوبر 2023 کو اے سی ای نے لاہور کی ایک ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کو بتایا کہ انہوں نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی تقرریوں سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے گھر سے مبینہ طور پر 41 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔

7 نومبر 2023 کو انسداد بدعنوانی کی خصوصی عدالت نے پی ٹی آئی کے صدر پرویز الٰہی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی تقرریوں کے کیس کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اگلی سماعت پر تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیا۔

16 نومبر 2023 کو غیرقانونی تقرریوں کے کیس میں پرویز الہٰی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کی گئی، یکم دسمبر کو لاہور کی سیشن عدالت نے ان کو ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024