• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

پشاور زلمی پی ایس ایل9 سے باہر، اسلام آباد یونائیٹڈ نے فائنل میں جگہ بنا لی

شائع March 17, 2024
بابر اعظم 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: اے پی پی
بابر اعظم 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے— فوٹو: اے پی پی

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے عماد وسیم اور حیدر علی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

بابر اعظم اور صائم ایوب نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔

صائم ایوب نے میچ میں 73 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
صائم ایوب نے میچ میں 73 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

بابر اعظم ایک مرتبہ پھر بھرپور فارم میں نظر آ رہے تھے لیکن شاداب خان نے مڈ آف پر شاندار کیچ لے کر ان کی اننگز کا 25 کے انفرادی اسکور پر خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے صائم نے روایتی جارحانہ انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور نئے بلے باز محمد حارث کے ساتھ مل کر اسکور کو 131 تک پہنچا دیا۔

یونائیٹڈ کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب کپتان شاداب خان نے صائم کو چلتا کردیا جنہوں نے 44 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

ایک مرتبہ پھر شاداب باؤلنگ کے لیے نسیم شاہ کو لائے جنہوں نے کپتان کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے محمد حارث کی 40 رنز کی جارحانہ اننگز کا خاتمہ کردیا جبکہ روومین پاول بھی صرف دو رنز بنا سکے۔

پشاور زلمی کے بلے باز محمد حارث گیند کو وکٹ کیپر کے اوپر سے کھیلنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی
پشاور زلمی کے بلے باز محمد حارث گیند کو وکٹ کیپر کے اوپر سے کھیلنے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے— فوٹو: اے ایف پی

ٹام کوہلر کیڈمور نے 18 اور عامر جمال نے 17 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت پشاور زلمی نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ بقیہ چاروں کھلاڑیوں کے کیچ لے ایک مرتبہ پھر بہترین فیلڈر کے طور پر اپنا لوہا منوایا۔

ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور بیٹنگ میں شاندار کھیل پیش کرنے والے صائم ایوب نے گیند سے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے پہلے ہی اوور میں ایلکس ہیلز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

ابھی اسکور 20 تک پہنچا ہی تھا کہ صائم نے اپنی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے آغا سلمان کو بھی بولڈ کردیا جبکہ کپتان شاداب خان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 21 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکی تھی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ایک وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ چار کیچ بھی لیے— فوٹو: اے ایف پی
اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ایک وکٹ لینے کے ساتھ ساتھ چار کیچ بھی لیے— فوٹو: اے ایف پی

اس مرحلے پر تجربہ کار عماد وسیم کو اوپری نمبروں پر بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا جنہوں نے نیوزی لینڈ سے آئے مارٹن گپٹل کے ہمراہ اسکور کو 50 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر کیوی بلے باز کی 21 گیندوں پر 34 رنز کی اننگز بھی اختتام کو پہنچی۔

اعظم خان اور عماد وسیم نے پانچویں وکٹ کے لیے 41 رنز جوڑے لیکن 22 رنز بنانے کے بعد اعظم کی ہمت جواب دے گئی اور وہ بولڈ ہو گئے۔

میچ میں اس موقع پر پشاور زلمی کی ٹیم فیورٹ نظر آتی تھی اور یونائیٹڈ کو فتح کے لیے بقیہ 9 اوورز میں 95 رنز درکار تھے لیکن حیدر علی اور عماد وسیم نے عمدہ بیٹنگ سے زلمی کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے شاندار شراکت قائم کی اور تیزی سے ہدف کی جانب پیش قدمی شروع کی۔

15 اوورز کے اختتام تک میچ زلمی کے حق میں جاتا نظر آتا تھا کیونکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کو میچ میں کامیابی کے لیے پانچ اوورز میں 57 رنز درکار تھے لیکن اس کے بعد پشاور زلمی کے باؤلرز لائن اور لینتھ بھول گئے جس کا عماد اور حیدر نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔

دونوں نے اگلے دو اوورز میں 11، 11 رنز بٹورنے کے بعد عامر جمال کے اوور میں 23 رنز بنا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

نسیم شاہ نے میچ میں تین وکٹیں اپنے نام کیں— فوٹو: اے ایف پی
نسیم شاہ نے میچ میں تین وکٹیں اپنے نام کیں— فوٹو: اے ایف پی

آخری دو اوورز میں یونائیٹڈ کو فتح کے لیے 12 رنز درکار تھے لیکن عماد اور حیدر نے وقت ضائع کیے بغیر ایک اوور قبل ہی اپنی ٹیم کو ہدف تک رسائی دلا کر شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

عماد وسیم نے 40 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 59 رنز کی فتح گر اننگز کھیلی جبکہ حیدر علی نے صرف 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی اننگز تراشی۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے فائنل میں پیر کو اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لگاتار تیسرا فائنل کھیلنے والی ملتان سلطانز سے ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024