• KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm
  • KHI: Zuhr 12:38pm Asr 4:23pm
  • LHR: Zuhr 12:09pm Asr 3:38pm
  • ISB: Zuhr 12:14pm Asr 3:37pm

سینیٹ انتخابات: پنجاب سے زلفی بخاری، یاسمین راشد، صنم جاوید پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں، میاں اسلم

شائع March 16, 2024
—فائل فوٹو:
—فائل فوٹو:

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میاں اسلم اقبال نے 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب سے پارٹی امیدواروں کے نام بتا دیے۔

میاں اسلم اقبال نے ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب کی جنرل نشستوں پر حامد خان اور سید زلفی بخاری ہوں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جنرل نشستوں پر کورنگ امیدوار کے طور پر عمر سرفراز چیمہ اور کرنل (ر) اعجاز منہاس کو نامزد کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں ڈاکٹر یاسمین راشد کو ٹیکنوکریٹ اور صنم جاوید کو خواتین کی نشستوں پر امیدوار بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ 11 مارچ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ کی 48 نشستوں پر 2 اپریل کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 15 اور 16 مارچ کو جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ تک کی جائے گی۔

نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 25 مارچ تک نمٹائی جائیں گی جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 27 مارچ کو آویزاں کی جائے گی۔

انتخابات کے لیے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

سابق فاٹا کے 4 ارکان کی جانب سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا، سابقہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد سینیٹ میں فاٹا کے لیے مختص نشستیں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہوچکی ہیں، اب سینیٹ میں ارکان کی تعداد 100 سے کم ہو کر 96 رہ جائے گی۔

48 نشستوں پر انتخاب عمل میں لایا جائے گا جن میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں اور خواتین کی 2 علما اور ٹیکنوکریٹ کے لیے 2 اور غیر مسلم کی ایک نشست پر انتخاب ہوگا۔

سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ اور ایک غیر مسلم کی نشست پر انتخاب ہوگا، خیبر پختونخوا کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

اس کے علاوہ بلوچستان کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخاب ہوگا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر انتخاب ہو گا۔

خیال رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحٰق ڈار، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی سمیت سینیٹ کے 52 ارکان کی مدت 11 مارچ کو مکمل ہو گئی تھی۔

12 مارچ کو ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں 52 سینیٹرز کے ریٹائر ہونے کے بعد سینیٹ اب کم از کم 3 ہفتوں تک غیر فعال رہے گی۔

مزید بتایا تھا کہ سینیٹر کی مدت 6 سال ہوتی ہے لیکن ان میں سے نصف ہر 3 سال بعد ریٹائر ہو جاتے ہیں اور خالی نشستوں پر انتخابات کرائے جاتے ہیں، یہ انتخابات عام طور پر سینیٹرز کی مدت ختم ہونے سے کچھ روز قبل ہوجاتے ہیں لیکن اس بار ایسا نہیں ہو سکا۔

عام انتخابات میں تاخیر، انتخابات کے بروقت انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ناکامی کی وجہ سے الیکٹورل کالج کی عدم موجودگی کے سبب یہ انوکھی صورتحال سامنے آئی ہے۔

11 مارچ کو ریٹائر ہونے والوں میں سے صرف 7 کا تعلق پی ٹی آئی سے تھا، ان میں اپوزیشن لیڈر کے علاوہ اعظم سواتی، فیصل جاوید خان اور ولید اقبال سمیت دیگر شامل ہیں۔

پہلی بار 2015 میں سینیٹ میں آنے والی پی ٹی آئی پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت کی وجہ سے مارچ 2021 میں سینیٹ کی واحد سب سے بڑی جماعت بن گئی تھی۔

پیپلزپارٹی کے 21 میں سے 12 سینیٹرز اور مسلم لیگ (ن) کے 16 میں سے 11 سینیٹر کی مدت بھی 11 مارچ کو مکمل ہو گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 8 جنوری 2025
کارٹون : 7 جنوری 2025