• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ڈونلڈ لو کا پاکستانی انتخابات سے متعلق کانگریس میں بیان غیرمعمولی نہیں، امریکا

شائع March 15, 2024
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر—تصویر: اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ویب سائٹ
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر—تصویر: اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ویب سائٹ

امریکی محکمہ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو کا کانگریس کے پینل کے سامنے پیش ہو کر بیان دینا معمول کی کارروائی ہے جو کانگریس کو اپ ڈیٹ فراہم کرنے کے لیے امریکی حکام کی باقاعدہ پریکٹس کا حصہ ہے۔

امریکی ایوان کی خارجہ امور کی مشرق وسطیٰ، افریقا اور وسطی ایشیا سے متعلق ذیلی کمیٹی 20 مارچ کو ایک سماعت کرے گی جس کا عنوان انتخابات کے بعد پاکستان: پاکستان میں جمہوریت کے مستقبل اور پاک امریکا تعلقات کا جائزہ ہے۔

سماعت میں 8 فروری کے انتخابات کے بعد پاک امریکا تعلقات کی مختلف جہتوں پر بھی غور کیا جائے گا۔

پی ٹی آئی اور رہنما عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ دونلڈ لو نے 2022 میں اس وقت واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اسد مجید کو پی ٹی آئی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کی دھمکی دی تھی۔

یہ معاملہ اکثر امریکی محکمہ خارجہ کی بریفنگز کے دوران پاکستانی اور امریکی صحافیوں کی جانب سے اٹھایا جاتا رہا ہے، اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مستقل مسترد کرتا رہا ہے۔

سماعت کے لیے اس وقت واحد عہدیدار جنوبی اور وسطیٰ ایشیا کے معاملات سے متعلق اسسٹنٹ سیکریٹری اسٹیٹ ڈونلڈ لو ہیں جن کی پیشی کی تصدیق ہوئی جب کہ دیگر حکام بھی بیانات کے لیے پیش ہونے والوں میں شامل ہو سکتے ہیں۔

جب نیوز بریفنگ کے دوران شیڈول سماعت کے حوالے سے محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ جب بھی جتنے بھی محکمہ خارجہ کے حکام کانگریس میں پیش ہوتے ہیں تو ہم کانگریس کے پالیسی سازی اور تجزیاتی کام میں مدد کرنے کو اپنی نوکری کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس لیے ہم ہمیشہ کانگریس میں ہونے والی رسمی، غیر رسمی بات چیت کے ساتھ ساتھ اس اصل بیان کے منتظر رہتے ہیں جو ہمارے عہدیدار کانگریس میں دیتے ہیں۔

اس سوال پر کہ گزشتہ دھمکیوں کی وجہ سے کیا محکمہ خارجہ کو سماعت کے دوران ڈونلڈ لو کے تحفظ کے حوالے سے تحفظات ہیں، میتھیو ملر نے جواب دیا کہ جی بالکل، امریکی حکام کو ملنے والی کسی بھی دھمکی کو ہم سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ہمارے سفارت کاروں کے تحفظ اور سلامتی کے خلاف دھمکی آمیز ہر کوشش کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان محکمہ خارجہ نے عمران خان کی حکومت گرانے سے متعلق ڈونلڈ لو کے خلاف عائد الزامات کی ایک بار پھر تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ سیکریٹری کے خلاف یہ الزامات جھوٹے ہیں، یہ جھوٹے ہیں، آپ مجھے ایک، دو نہیں بلکہ شاید 10مرتبہ سے زیادہ یہ بات کہتے ہوئے سن چکے ہیں۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے علاقے ہیوسٹن سے جاری ایک بیان میں پی ٹی آئی-امریکا نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی نژاد امریکیوں کی مسلسل کوششوں کے باعث اس معاملے پر کانگریس کی انتہائی اہم سماعت ہونے جا رہی ہے۔

اس اہم سماعت میں ڈیموکریٹک اور ریپبلکن دونوں جماعتوں کے قانون سازوں کی نمایاں تعداد کی حاضری متوقع ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024