• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:03pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:02pm Isha 6:29pm

پی ایس ایل 9 کے پہلے کوالیفائر میں زلمی ناکام، سلطانز نے فائنل میں جگہ بنا لی

شائع March 15, 2024
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں—فوٹو: اے ایف پی
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں—فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے باؤلنگ کی دعوت دی۔

زلمی کی اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا اور جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور صائم ایوب صرف ایک رن بنانے کے بعد ڈیوڈ ولی کی وکٹ بن گئے۔

کپتان بابر اعظم اور محمد حارچ نے مل کر اسکور کو 51 تک پہنچایا ہی تھا کہ حارث کی 22 رنز کی اننگز اختتام کو پہنچی جبکہ حسیب اللہ خان بھی صرف 3رنز بنا سکے۔

کپتان بابر اعظم نے ایک مرتبہ پھر عمدہ کھیل پیش کیا لیکن اس بار وہ اپنی نصف سنچری مکمل نہ کر سکے اور ٹام کوہلر کیڈمور کے ہمراہ مزید 44 رنز جوڑنے کے بعد پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 46 رنز بنائے۔

ٹام کوہلر کیڈمور نے 24 رنز کی اننگز کھیلی لیکن پھر وہ بھی اسامہ میر کی دوسری وکٹ بن گئے۔

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سلطانز کے اوپنر یاسر خان اور کپتان محمد رضوان نے اپنی ٹیم کو 61 رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے فتح کی بنیاد رکھی۔

61 کے مجموعے پر رضوان کی 21 گیندوں پر 15 رنز کی اننگز عامر جمال کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

دوسرے اینڈ سے یاسر نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی لیکن ایک چھکے اور 7 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنانے والے بلے باز مہران ممتاز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔

جانسن چارلس کی اننگز 11 رنز تک محدود رہی اور سلمان ارشاد نے انہیں بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو تیسری کامیابی دلائی۔

نئے بلے باز افتخار احمد نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور محض 8 گیندوں پر 22 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو 9 گیندوں قبل ہی فتح سے ہمکنار کرا دیا، عثمان خان نے 28 گیندوں پر 36 رنز بنائے۔

اس فتح کی بدولت ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

پشاور زلمی کے پاس اب بھی فائنل میں رسائی کا موقع موجود ہے اور وہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ کے فاتح سے دوسرے کوالیفائر میں مقابلہ کرے گی۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024