پی ٹی آئی کی کور کمیٹی نے عمران خان کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی فی الفور رہائی کا مطالبہ کردیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کور کمیٹی نے کہا کہ آج پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں وزیراعلٰی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور ، عمر ایوب ، شاہ فرمان شعیب شاہین، علی محمد خان، بابر اعوان اور نیاز اللہ نیازی شریک تھے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں 3 اہم نکات پر بات ہوئی، کور کمیٹی کو عمران خان کی لیگل ٹیم نے کیسز کے حوالے سے بریفنگ دی ہے جس پر کور کمیٹی نے عمران خان کے کیسز کو فلفور ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی اجلاس میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات بھی ظاہر کیے جس کی کور کمیٹی نے مذمت کی۔
اجلاس میں پنجاب میں انتخابات میں دوبارہ گنتی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، ذرائع نے بتایا کہ الیکشن میں ری کاؤنٹنگ شروع ہو گئی ہے، ہماری جیتی ہوئی سیٹیں ہمیں ہروائی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کور کمیٹی نے متعلقہ عہدیداران سے اس حوالے سے نوٹس لینے کی اپیل بھی کی ہے۔