• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

دہشتگردی کا خدشہ: میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور اٹک جیل کو تھریٹ الرٹ جاری

شائع March 13, 2024
— فائل فوٹو:  ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

محکمہ داخلہ پنجاب نے جیلوں میں دہشتگردانہ حملے کے خدشہ کے پیش نظر میانوالی، ڈیرہ غازی خان اور اٹک جیل کو تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں جیل حکام کو فوری انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جیل کے تمام ملازمین کا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذریعے سیکیورٹی آڈٹ کروایا جائے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے جیل کی مکمل چیکنگ کی جائے۔

اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ جیل میں کام کرنے والے کنٹریکٹرز اور مزدوروں کی بھی جامع چھان بین کی جائے ، ایسے افسران اور ملازمین جن کا جیل سے باہر آنا جانا رہتا ہے ان کی بھی جامع جانچ پڑتال کی جائے۔

مراسلے میں پولیس اور رینجرز کے ذریعے سیکیورٹی مشقیں کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کو دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے خدشے پر بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پر 2 ہفتے کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ انٹیلیجنس اطلاعات کی روشنی میں محکمہ داخلہ پنجاب نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سمیت تمام قیدیوں سے ملاقاتوں پرپابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا کہ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جیل میں سرچ آپریشن بھی کیا جائے گا، محکمہ داخلہ پنجاب نے انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کو پابندی کا مراسلہ بھی جاری کردیا ہے۔

مراسلے کے مطابق ملاقات پرپابندی کا اطلاق بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام قیدیوں پر ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024