کراچی: پولیس کی گینگ وار کےخلاف کارروائی، فیصل پٹھان گروپ کا انتہائی مطلوب کارندہ گرفتار
کراچی میں پولیس کی گینگ وار کے خلاف کارروائی کے دوران فیصل پٹھان گروپ کا انتہائی مطلوب کارندہ پکڑا گیا۔
ایس ایس پی سٹی امجد حیات کے مطابق ملزم سجاد، فیصل پٹھان کے کہنے پر درجنوں سنگین نوعیت کی وارداتوں کا انکشاف کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم نے 2012 میں فیصل پٹھان کے کہنے پر دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ذیشان نامی شہری کو اغوا کرنے کے بعد اسٹیل مل سے آگے جنگل میں گولیاں مار کر قتل کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم 2012 میں بغدادی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوا تھا، جس پر ملزم نے پانچ سال قید بھی کاٹی ہے، ملزم نے جیل سے آتے ہی وارداتیں کرنا شروع کر دی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے مزید بتایا کہ جیل سے آنے کے بعد وہ فشری میں سی سیون نامی ملزم سے ملا جو کرائے پر پستول دیتا تھا اور وارداتیں کرتا اور کرواتا تھا۔
امجد حیات نے بتایا کہ ملزم کا ساتھی سی سیون جو گروپ کا سرغنہ ہے ایک منظم گروہ چلا رہا ہے اور اس گروہ کو مچھر کالونی سے آپریٹ کر رہا ہے۔
ملزم سجاد ماسٹر چابی بنا کر شہر کے مختلف علاقوں سے گاڑیاں/موٹر سائیکلز چوری کرنے کے بعد برکت نامی منشیات فروش کو کوڑیوں کے دام بیچا کرتا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی گئی ہے۔