• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم کی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کیلئے واضح روڈ میپ بناکر پیش کرنے کی ہدایت

شائع March 12, 2024
شہباز شریف نے کہا کہ رواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہے — فوٹو: پی آئی ڈی
شہباز شریف نے کہا کہ رواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہے — فوٹو: پی آئی ڈی

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ملکی آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے جامع روڈ میپ بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت آئی ٹی شعبے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیرِ اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ احد خان چیمہ، وزیرِ مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، شہزاد سلیم اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں اربوں ڈالر کی آئی ٹی برآمدات کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات اٹھائیں گے اور نوجوانوں کو آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم و ہنر اور اسٹارٹ اپس کو درکار سہولیات فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں آئی ٹی کی صنعت کے لیے جن منصوبوں کا آغاز کیا ان کے مثبت نتائج آرہے ہیں۔ اسٹارٹ اپس، فری لانسرز اور آئی ٹی کمپنیوں کے بینکاری سے متعلق تمام مسائل کو حل کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ رواں برس آئی ٹی برآمدات کا متوقع حجم 3 ارب ڈالر سے زیادہ ہے، جو خوش آئند ہے مگر ہمیں اس میں اضافہ کرنا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے حوالے سے بھی ایک جامع رپورٹ مرتب کرکے پیش کی جائے، پاکستان کے آئی ٹی کے شعبے کو بین الاقوامی معیار پر لانے کے لیے خوب محنت کرنا ہوگی۔

اجلاس کو ملک میں آئی ٹی شعبے کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو جون 2023 میں وزیرِ اعظم کی جانب سے دیے گئے 5 ارب کے آئی ٹی پیکیج پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ دورِ حکومت میں وزیرِ اعظم کی خصوصی توجہ کی بدولت آئی ٹی شعبے کی برآمدات میں گزشتہ برس کے مقابلے رواں برس کے پہلے 7 ماہ میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ڈجی-اسکلز پروگرام کے تحت اس وقت 17 بیچز میں تقریباً 40 لاکھ طلبہ و طالبات کو آئی ٹی کی ٹریننگ دی جاچکی ہے جس میں 28 فیصد تعداد خواتین کی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ فری لانسزر کی تعداد کے حوالے سے پاکستان دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے پاکستان اپنی آئی ٹی مصنوعات 170 ممالک کو برآمد کرتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ برس پاکستانی اسٹارٹ اپس میں 40 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں سرمایہ کاری اور برآمدات میں اضافے کے لیے تمام ضروری قانونی و پالیسی اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے نوجوانوں کی پیشہ ورانہ و تکنیکی تربیت کے منصوبوں پر کام تیز کیا جائے۔

اجلاس کو آئی ٹی، ای روزگار، اسٹارٹ اپس، سائبر سیکیورٹی، ٹیلی کام سیکٹر اور ملک میں 5-جی کے اجرا پر پیش رفت و اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ملکی آئی ٹی برآمدات میں اضافے کے لیے ایک واضح روڈ میپ بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024