• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm
  • ISB: Asr 3:25pm Maghrib 5:03pm

چین اور ایران کے صدور کی آصف زرداری کو صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد

شائع March 10, 2024
آصف علی زرداری آج صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا— فائل فوٹو: اے ایف پی
آصف علی زرداری آج صدر مملکت کے عہدے کا حلف اٹھایا— فائل فوٹو: اے ایف پی

چین کے صدر شی جن پنگ اور ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے آصف علی زرداری کو پاکستان کا صدر مملکت منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی شن ہوا کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے صدر آصف زرداری کو پاکستان کے 14ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔

اپنے پیغام میں شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور پاکستان اچھے پڑوسی، دوست، شراکت دار اور بھائی ہیں اور دونوں ممالک کی آہنی دوستی دونوں عوام کے لیے قیمتی خزانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے حالیہ برسوں میں اعلیٰ سطح پر قریبی روابط کو برقرار رکھا، بنیادی باہمی مفادات اور اہم خدشات سے متعلق امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی، پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر میں نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے اور اعلیٰ سطح کے دو طرفہ تعلقات کو برقرار رکھا۔

چینی صدر نے کہا کہ وہ پاک چین تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور چین اور پاکستان کے درمیان روایتی دوستی کو مزید فروغ دینے، مختلف شعبوں میں عملی تعاون کو بڑھانے اور پاکستان اور چین کی ہر موسم میں پائیدار تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید بہتر بنانے کے لیے صدر زرداری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

دوسری جانب ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے آصف علی زرداری کو پاکستان کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق ابراہیم رئیسی نے امید ظاہر کی کہ آصف زرداری کے دور صدارت میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تاریخ کے تعلقات پہلے سے زیادہ مستحکم ہوں گے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح اور خاص طور پر نئے دور میں اسلامی جمہوریہ ایران، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے لیے اپنی آمادگی کا اعادہ کرتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024