• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

آصف زرداری نے صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

شائع March 10, 2024
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے — فوٹو: ڈان نیوز
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف اور بلاول بھٹو زرداری بھی شریک تھے — فوٹو: ڈان نیوز

نومنتخب صدر آصف علی زرداری نے اپنی دوسری مدت کے لیے ملک کے چودہویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے ان سے حلف لیا۔

تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر عارف علوی، وزیراعظم شہباز شریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و آصف زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، نومنتخب صدر کی بیٹیاں بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو زرداری شریک ہوئے۔

مسلح افواج کے تینوں سروسز چیفس اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں صوبوں کے گورنرز اور وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

بعد ازاں کابینہ ڈویژن نے بھی نوٹی فکیشن جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ عارف علوی صدرپاکستان نہیں رہے اور آصف علی زرداری صدر پاکستان بن گئے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ آصف علی زرداری نے آئین پاکستان کے تحت عہدے کا حلف اٹھایا۔

واضح رہے کہ حکمران اتحاد کے نامزد صدارتی امیدوار آصف زرداری نے گزشتہ روز الیکٹورل کالج کے ایک ہزار 185 ووٹوں میں سے 411 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔

ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو 111 ووٹ ملے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدارتی انتخاب میں مجموعی طور پر سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار 44 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024