• KHI: Zuhr 12:34pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:30pm
  • KHI: Zuhr 12:34pm Asr 4:16pm
  • LHR: Zuhr 12:04pm Asr 3:30pm
  • ISB: Zuhr 12:09pm Asr 3:30pm

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج، پی ٹی آئی کے متعدد رہنما اور کارکنان گرفتار

شائع March 10, 2024 اپ ڈیٹ March 11, 2024
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ— فائل فوٹو: ڈان نیوز
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ— فائل فوٹو: ڈان نیوز

لاہور پولیس نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سمیت متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا تاہم بعد میں سردار لطیف کھوسہ کو رہا کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے دونوں رہنماؤں کو لاہور سے گرفتار کیا۔

لطیف کھوسہ کے بیٹے نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے والد کو لاہور سے پولیس نے گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج سے قبل ہی پولیس نے صدر گول چکر سے والد لطیف کھوسہ کو گرفتار کیا۔

اس کے علاوہ پولیس نے پی ٹی آئی کے رہنما سلمان اکرم راجا کو بھی لاہور سے گرفتار کر لیا۔

سلمان اکرم راجا کو پولیس نے اچھرہ مین روڈ پراحتجاج کے دوران گرفتار کیا۔

اسی طرح تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے 3 اراکین پنجاب اسمبلی کو کارکنوں سمیت گرفتار کر لیا۔

جن اراکین اسمبلی کو گرفتار کیا گیا ان میں بیرسٹر طیب راشد سندھو، اویس عمر ورک اور سرفراز احمد ڈوگر شامل ہیں۔

یہ اراکین انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف لاہور میں شیڈول احتجاج میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔

ایم پی ایز کو کارکنوں سمیت سگیاں پل پر گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

پولیس نے مبینہ دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے آٹھ کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔

پولیس نے لاہور کے جی پی او چوک تحریک انصاف کے آٹھ کارکنوں کو گرفتار کیا۔

بعدازاں لاہور پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ کو رہا کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

لطیف کھوسہ کو اتوار کی رات شخصی ضمانت پر رہا کیا گیا تاہم رہائی کے بعد لطیف کھوسہ کے خلاف سڑک بلاک کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔

لطیف کھوسہ کے خلاف لاہور کے تھانہ نارتھ کینٹ میں مقدمہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے اپنے رہنماؤں سلمان اکرم راجا اور لطیف کھوسہ سمیت کارکنوں کی گرفتاری کی مذمت کی۔

تحریک انصاف کی جانب سے بیان میں گرفتاریوں کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جعلی حکومت خوفزدہ ہے، مریم نواز کو سادہ احتجاج کرنے والوں کی گرفتاری کے رویے کو فوری طور پر ترک کرنا چاہیے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کراچی میں بھی ریلیاں نکال کر احتجاج کیا گیا۔

کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گرومندر چورنگی پر احتجاج کیا اور انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف نعرے بازی کی۔

پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس بار الیکشن میں تاریخی دھاندلی ہوئی، ہم مینڈیٹ چوروں کو نہیں مانتے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما عالمگیر خان نے کہا کہ ایک دن عدالت ضرور لگے گی اور مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو حساب دینا ہوگا، ہم قانونی جنگ لڑیں گے اور چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شرکت کی۔

کارٹون

کارٹون : 28 دسمبر 2024
کارٹون : 27 دسمبر 2024