عبداللہ شفیق کو کرکٹ چھوڑ کر ڈراموں میں کام کرنا چاہیے، وسیم اکرم کی تنقید
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف کھیلے جانے والے لاہور کے میچ میں عبداللہ شفیق کی سیلبریشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کرکٹ چھوڑ کر ڈراموں میں کام کرنا چاہیے۔
وسیم اکرم نے یہ تنقید اس وقت کی جب پاکستان سپر لیگ کے 7 مارچ کو کھیلے جانے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم کا کیچ تھامنے کے بعد قلندرز کے بلے باز عبداللہ شفیق نے منہ پر ہاتھ رکھ کر جشن منایا تھا جس پر کئی فینز نے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
نجی ٹی وی چینل اے اسپورٹس پر اپنا تجزیہ دیتے ہوئے وسیم اکرم نے عبداللہ شفیق کی سیلبریشن پر تنقید کی۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا میں 2 کیچز ڈراپ کرکے پی ایس ایل میں ایک کیچ تھامنے کے بعد منہ پر ہاتھ رکھ کر کس کو خاموش کروارہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ’کوئی یہ بتائے 36 کیچ ڈراپ کرکے آئے ہیں، اس کا جواب کون دے گا؟ میرے خیال میں انہیں کرکٹ چھوڑ کر ڈراموں میں کام کرنا چاہیے۔‘
عبداللہ شفیق کا ردعمل
وسیم اکرم کی تنقید پر عبداللہ شفیق نے پریس کانفرنس کے دوران صحافی کے ایک سوال پر کہا کہ وسیم اکرم نے جو میرے بارے میں کہا وہ ان کا تجزیہ ہے ، کیچ پکڑ کہ اشارہ ایسے ہی کیا تھا وہ اشارہ کسی خاص مقصد کے لیے نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’سب سے پہلے یہ ان کی (وسیم اکرم) کی رائے ہے، انہوں نے کرکٹ کھیلی ہے اور وہ بہتر جانتے ہیں، جشن منانے کے پیچھے کوئی خاص مقصد نہیں تھا‘۔
یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران عبداللہ شفیق نے میلبرن ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ڈیوڈ وارنر جبکہ دوسری اننگز میں مچل مارش کا اہم مواقعوں پر کیچ ڈراپ کیا تھا جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔