شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 10 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو مختلف کارروائیوں میں سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں سمیت 10 شدت ہلاک اور 3 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 اور 9 مارچ 2024 کو ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیاں کیں جس میں 10 دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔
بیان میں بتایا گیا کہ 8 مارچ کو انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن کے دوران چار دہشت گرد مار گئے جبکہ علاقے سے مزید دہشت گرد کے خاتمے کے لیے کیے گئے آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس کے علاوہ شمالی وزیرستان کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے پاکستان اور افغانستان کی سرحد سے دراندازی کی کوشش کرنےوالے پانچ دہشت گردوں کو پکڑ لیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس موقع پر شدید فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد حضرت عمر اور رحمٰن نیاز مارے گئے جبکہ ان کے تین ساتھی زخمی ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے کہتا رہا ہے کہ وہ سرحد کے اطراف میں موثر بارڈر مینجمنٹ کو یقینی بنائے اور توقع ظاہر کی کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور دہشت گردوں کو پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں کرنے دے گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کے تحفظ اور ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت ملک میں دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں مصروف ہیں جس میں اب تک درجنوں اہلکار بھی جام شہادت نوش کر چکے ہیں۔
اس واقعے ایک دن قبل ہی خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
اس سے قبل بھی 6 اور 7 مارچ کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ آپریشنز کرتے ہوئے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔