پنجاب کابینہ نے رمضان نگہبان ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی

شائع March 7, 2024
—فائل/فوٹو: ڈان نیوز
—فائل/فوٹو: ڈان نیوز

پنجاب کی کابینہ نے رمضان نگہبان ریلیف پیکیج 2024 کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نوازکی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، مریم نواز نے تمام وزرا قلم دان سنبھالنے پرمبارکباد دی۔

رمضان نگہبان ریلیف پیکیج میں 10کلو آٹا، 2کلو چاول، 2کلو چینی، 2 کلو گھی اور 2کلو بیسن شامل ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے اشیائے خور و نوش کے معیار کو یقینی بنانےکےلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک دے دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی وزرا کو رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے۔

پنجاب کی کابینہ نے ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے کی بھی منظوری دی، اجلاس میں کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز نے کہا تھا کہ محمد نواز شریف نے مکمل رہنمائی کی، نواز شریف کا ایجنڈا اور مشن عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے، رمضان میں پنجاب کے عوام کو اب قطاروں میں کھڑا نہیں ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مشکور ہوں، رمضان نگہبان پیکیج سے پنجاب کے تین کروڑ سے زائد لوگ مستفید ہوں گے، بی آئی ایس پی اور نادرا کے ڈیٹا کو کلب کر دیا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں پنجاب حکومت ساڑھے 12 کروڑ عوام کا ڈیٹا اکٹھا کرے گی، وقت کی کمی کی وجہ سے بلک میں خریداری کرنا پڑی، رمضان پیکیج کے ہیمپر میں کوالٹی کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہر ضلع میں رمضان بازار بھی لگائے جائیں گے، عوام کو ان بازاروں میں رعایتی نرخوں پر اشیا دستیاب ہوں گی، پرائس کنٹرول پر پوری توجہ ہے، اس وقت پنجاب حکومت کے پاس پرائس کنٹرول کا کوئی ڈیپارٹمنٹ نہیں ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024