• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

میرے بغیر میری زندگی پر فلم بنانا بے وقوفی ہوگی، زینت امان

شائع March 6, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

بولی وڈ کی ماضی کی بولڈ اور مقبول اداکارہ زینت امان نے کہا ہے کہ ان کی شمولیت اور رضامندی کے بغیر ان کی زندگی پر فلم بنانا نہ صرف بے وقوفی ہے بلکہ مذکورہ فلم کی کہانی بھی نامکمل ہوگی۔

زینت امان نے انسٹاگرام پر ماضی کی اپنی بولڈ تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنی زندگی پر بنائی جانے والی ممکنہ فلم کے حوالے سے کھل کر بات کی اور اس بات پر برہمی ظاہر کی کہ ان کی رضامندی اور ان کی شمولیت کے بغیر ہی فلم بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ وہ واحد شخصیت ہیں جو خود سے متعلق باقی سب افراد سے زیادہ معلومات رکھتی ہیں اور انہیں اپنی زندگی میں آںے والے مسائل کا دوسروں کے مقابلے زیادہ علم ہے، اس لیے ان کی شمولیت اور ان سے ان کی زندگی کی کہانی جانے بغیر فلم بنانا بے وقوفی ہوگی۔

زینت امان نے لکھا کہ ان کے حوالے سے دستیاب عام معلومات نامکمل ہے اور اس میں بہت سارے باتوں کو افسانوی انداز میں بیان کیا گیا ہے جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ وہ کبھی مردوں کو بہکانے والی خاتون نہیں رہیں، ان کے افیئر نہیں رہے، انہیں نصف صدی تک جنسی تفریق کا نشانہ بنایا جاتا رہا، وہ ایک عام خاتون ہیں۔

زینت امان کے مطابق معاشرے میں خواتین کو جنسی تفریق کا سامنا ہے،عام طور پر سماج میں بولڈ خاتون کا مفہوم ہی غلط لیا اور سمجھا جاتا ہے، اس لیے انہیں شک ہے کہ ان کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں بھی کہانی کو غلط انداز میں پیش کیا جائے گا۔

اداکارہ نے اس بات پر بھی خدشات کا اظہار کیا کہ ان کی زندگی پر خصوصی طور پر مرد فلم ساز مناسب انداز میں فلم نہیں بنا سکتا، انہیں فلم میں جنسی تفریق کا نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

زینت امان نے کھل کر اظہار کیا کہ ان کی زندگی پر جو کوئی فلم بنانا چاہتا ہے، وہ انہیں منصوبے میں شامل کرے، ان سے ان کی زندگی کی باتیں اور راز پوچھیں، ان کی شمولیت سے ہی ان کی زندگی کی کہانی سامنے آ سکے گی۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں کسی بھی فلم ساز یا اداکارہ کا نام نہیں لکھا، تاہم لکھا کہ انہیں منصوبے میں شامل کیے بغیر ان کی زندگی پر اچھی فلم نہیں بنائی جا سکتی۔

خیال رہے کہ کچھ دن قبل خبر سامنے آئی تھی کہ زینت امان کی زندگی پر فلم ساز راجیو چوہدری فلم بنائیں گے۔

ویب سائٹ مڈ ڈے کی رپورٹ کے مطابق راجیو چوہدری کی ہدایت کردہ فلم کا نام شک ہوگا اور اس میں پایل گھوش لیجنڈری اداکارہ زینت امان کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

یہ واضح نہیں تھا کہ زینت امان کی زندگی پر کب تک فلم سامنے آئی گی، تاہم اب اداکارہ کے سامنے آںے کے بعد ممکنہ طور پر اس میں مزید تاخیر ہوسکتی ہے اور فلم میں اداکارہ کو بھی شامل کیے جانے کی چہ مگوئیاں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024