• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

خیبر پختونخوا کابینہ کے 15 ارکان نے حلف اٹھا لیا

شائع March 6, 2024
کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی—فوٹو:ڈان نیوز
کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی—فوٹو:ڈان نیوز

خیبر پختونخوا کابینہ کے 15 ارکان نے حلف اٹھا لیا۔

کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں منعقد ہوئی، گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کابینہ ممبران سے حلف لیا، وزیراعلی علی امین گنڈا پور بھی تقریب میں موجود تھے۔

ارشد ایوب خان، شکیل احمد، فضل حکیم خان، محمد عدنان قادری، عاقب اللہ خان، محمد سجاد، مینا خان، فضل شکور اور نذیر احمد عباسی نے حلف لیا۔

حلف لینے والوں میں پختون یار خان، آفتاب عالم، خلیق الرحمٰن، سید قاسم علی شاہ، فیصل ترکئی اور ظاہر شاہ شامل ہیں۔

سید فخر جہان، مزمل اسلم، محمد علی سیف، مشال اعظم اور زاہد چاند زیب وزیراعلی کے مشیر ہوں گے، پہلے مرحلے میں کابینہ کے کل ارکان کی تعداد 20 ہوگی، وزرا اور مشیروں کو قلمدان ایک دو روز میں سونپ دیے جائیں گے۔

حلف برداری سے قبل وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے صوبائی کابینہ کی تقرری سے متعلق سمری گورنر کو ارسال کی تھی جس کا بعد میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا تھا۔

یہ پیشرفت وزیراعلیٰ گنڈا پور نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے جب کہ انہوں نے ملاقات میں سابق وزیراعظم سے صوبائی کابینہ کی تشکیل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ہمارے بچوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، پاکستان ہمارا ہے، اسٹیبلشمنٹ بھی ہماری اور ادارے بھی ہمارے ہیں، مرکزی حکومت نے مینڈیٹ چوری کیا، ووٹ چرانے والوں کے ساتھ مفاہمت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سنی اتحاد کونسل کے علی امین گنڈاپور خیبرپختونخوا کے 22ویں وزیر اعلی منتخب ہوئے تھے، علی امین گنڈا پور نے 90 ووٹ لیے تھے جب کہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے عباداللہ نے 16 ووٹ حاصل کیے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024