9 مئی کو ملک و قوم سے سنگین غداری کی گئی، شہباز شریف
نو منتخب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9مئی کوملک وقوم سےعظیم غداری کی گئی۔
وزیر اعظم منتخب ہونے کے بعد ایوان میں اپنی پہلی تقریر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے کسانوں کو سستی بجلی فراہم کی اور جعلی ادویات کا خاتمہ کیا، کسانوں کے لیے خصوصی ٹیوب ویل پیکج اور اعلیٰ کوالٹی کا بیج بیرون ملک سے منگوا کر دیں گے، صوبوں کے ساتھ مل کر زراعت کو ترقی دینے کے منصوبے پر کام کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن والے جنگلہ بس کا شور مچایا کرتے تھے لیکن خود پشاور بی آر ٹی کا کیا حشر کیا، ٹھوس اقدامات سےمہنگائی میں کمی اور روزگار میں اضافہ ہوگا، کوشش ہوگی کہ حکومتی اقدامات کی بدولت ایک سال میں ثمرات آنا شروع ہوں، اگر شعور شور کو عبور کرجائے تو ایوان کا فائدہ ہوگا، آئی ٹی برآمدات کو بڑھائیں گے، زراعت کےشعبے پرخصوصی توجہ دی جائے گی۔
نومنتخب وزیراعظم نے کہا کہ کسانوں کو کھاد پر براہ راست سبسڈی دی جائے گی، کسانوں کو معیاری بیج کی فراہمی یقینی بنائی جائےگی، جعلی زرعی ادویات کا خاتمہ کیا جائے گا، عوام کو صاف ستھری اور آرام دہ سفر کی سہولت ہماری ترجیح ہے، پورے ملک میں مؤثر ٹرانسپورٹ کے نظام کا جال بچھائیں گے، سولر ٹیوب ویل پروگرام کا اجرا کیا جائے گا، بیرون ملک یونیورسٹیز میں تعلیم کے لیے وظائف دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سستےاور فوری انصاف کی فراہمی کےلیے قانون سازی ضروری ہے، 2 سال سےکم جیل میں قید خواتین اوربچوں کو فنی تربیت دی جائے گی، چاروں صوبوں میں جدید اسپتال بنائے جائیں گے، خواتین کو ہراساں کرنے کا جرم ناقابل برداشت ہے۔
نومتنخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ 9 مئی کوملک و قوم سے عظیم غداری کی گئی۔