مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی، دنیا بھر سے اہم شخصیات کی شرکت
ایشیا کے امیر ترین شخص بھارتی بزنس ٹائیکون مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دنیا کے چند بااثر اور نامور شخصیات بھارت کی ریاست گجرات پہنچ گئے ہیں۔
مکیش امبانی کی جانب سے اپنے بیٹے کی شادی سے پہلے کی تقریب میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ، امریکی گلوکارہ ریحانہ اور مائکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس مہمانوں میں شامل ہیں۔
28 سالہ اننت امبانی جولائی میں رادھیکا مرچنٹ سے شادی کرنے والے ہیں۔
شاہ رخ خان اور امیتابھ بچن سمیت بولی ووڈ کے ستارے بھی جام نگر شہر میں ہونے والی تین روزہ تقریب میں موجود ہیں۔
مکیش امبانی کتنی ملکیت کے مالک ہے؟
فوربز کے مطابق 66 سالہ مکیش امبانی اس وقت دنیا کے 10ویں امیر ترین آدمی ہیں جن کی مجموعی مالیت 115 ارب ڈالرز ہے، ریلائنس انڈسٹریز، جس کی بنیاد ان کے والد نے 1966 میں رکھی تھی، ایک بہت بڑا گروپ ہے جو ریفائننگ اور ریٹیل سے لے کر مالیاتی خدمات اور ٹیلی کام تک کے شعبوں میں کام کرتا ہے۔
اننت امبانی اپنے تین بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے ہیں، سبھی ریلائنس انڈسٹریز کے بورڈ میں شامل ہیں، 28 سالہ نوجوان اننت امبانی ریلائنس کے انرجی کاروبار سے وابستہ ہے اور ریلائنس فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر بھی ہیں۔
مارک زکر برگ بھارت پہنچ گئے
اننت امبانی کی شادی سے پہلے کی تقریب کا شاندار آغاز ہوچکا ہے، تقریب میں شرکت کے لیے مارک زکربرگ، گلوکارہ ریحانہ کے ہمراہ بھارت کے شہر جام نگر پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکارہ ریحانہ اننت امبانی کی شادی میں پرفارم بھی کریں گی جس کے لیے وہ 66 سے 79 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ لے گیں۔
شادی سے پہلے کی تقریب میں تقریباً ایک ہزار 200 مہمان شرکت کر رہے ہیں، جو جام نگر میں منعقد ہو رہی ہے۔
مہمانوں کی فہرست میں اور کون شامل ہے؟
رائٹرز کے مطابق مہمانوں کی فہرست میں بھارتی ارب پتی گوتم اڈانی اور کمار منگلم برلا بھی شامل ہیں، ڈزنی کے سی ای او باب ایگر کے بھی اس پارٹی میں شامل ہونے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ بل گیٹس بھی کچھ روز قبل بھارت پہنچے ہیں، انہوں نے بھارت میں سوشل میڈیا پر مشہور چائے بنانے والے دکاندار کے ساتھ ویڈیو بھی بنائی تھی۔
آج (یکم مارچ کو) بھارت پہنچنے والے دیگر لوگوں میں کرکٹرز مہندر سنگھ دھونی اور ڈوین براوو، اور مرے آچن کلوس شامل ہیں۔
امبانی کی تقریب میں متوقع دیگر مہمانوں میں بلیک راک کے شریک بانی لیری فنک، الفابیٹ کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی، کینیڈا کے سابق وزیر اعظم اسٹیفن ہارپر، آسٹریلیا کے سابق وزیر اعظم کیون رڈ اور ایوانکا ٹرمپ بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ 2018 میں مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی سے پہلے کی تقریب میں سابق امریکی سیکرٹری خارجہ ہلیری کلنٹن اور جان کیری مہمانوں میں شامل تھے۔