• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

فرحان سعید بھی عاطف اسلم بننا چاہتے تھے، گوہر ممتاز

شائع February 27, 2024
—فوٹو: انسٹاگرام
—فوٹو: انسٹاگرام

گلوکار، اداکار و موسیقار گوہر ممتاز نے انکشاف کیا ہے کہ فرحان سعید نے ان کے بینڈ جل سے اس لیے علیحدگی اختیار کی تھی، کیوں کہ وہ بھی عاطف اسلم بننا چاہتے تھے۔

گوہر ممتاز نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جس میں انہوں نے اپنے معروف میوزیکل بینڈ جل کی تشکیل اور پھر اس کے ختم ہونے سمیت بینڈ سے عاطف اسلم اور بعد ازاں فرحان سعید کے الگ ہونے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔

گوہر ممتاز کی وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو کلپ میں انہیں فرحان سعید کے حوالے سے بات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرحان سعید نے عاطف اسلم کے مقابلے بہت محنت بھی کی تھی اور وہ انہیں یہی بات سمجھاتے بھی رہتے تھے کہ انہیں کہیں جانے کی ضرورت نہیں۔

ان کے مطابق انہوں نے فرحان سعید کو جل بینڈ کے ساتھ ہی رہنے کا مشورہ دیا تھا لیکن انہوں نے ان کی بات نہ مانی اور وہ بولی وڈ جانا چاہتے تھے۔

گوہر ممتاز نے فرحان سعید کے بینڈ جل کو چھوڑنے کے عمل کو تکلیف دہ بھی قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے انہیں سمجھایا کہ عاطف اسلم کو صحیح گاڑی مل گئی لیکن ہر کوئی ایسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ لیکن فرحان سعید کو عاطف اسلم بننا تھا، وہ بولی وڈ جانا چاہتے تھے اور پھر ان کی کہی ہوئی بات سچ بھی ثابت ہوئی، کیوں کہ بولی وڈ کے پاس اور بھی بہت بڑے گلوکار ہیں۔

گوہر ممتاز کا کہنا تھا کہ بولی وڈ کو یہ فکر نہیں کہ عاطف اسلم کون ہیں؟ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ عاطف اسلم بولی وڈ میں ایک ایسے وقت میں گئے جب ان کی آواز کا جادو وہاں چل چکا تھا۔

گلوکار نے کہا کہ اسی لیے انہوں نے فرحان سعید کو زیادہ نہیں روکا، کیوں کہ انہوں نے انہیں کہا کہ اب وہ فلاں کام کرنا چاہتے ہیں اور پھر ہر کسی کا اپنا اپنا سفر ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ عاطف اسلم اور فرحان سعید بھی پہلے جل بینڈ کے ساتھ کام کرتے تھے، مذکورہ بینڈ 2002 میں بنایا گیا، ابتدا میں عاطف اسلم اس کے مرکزی گلوکار تھے، بعد ازاں انہوں ںے بینڈ چھوڑ دیا تھا۔

عاطف اسلم کے بعد فرحان سعید نے بھی اسی بینڈ کے ساتھ کام کیا لیکن انہوں نے بھی بینڈ کو خیرباد کہ کر تنہا گلوکاری کرنا شروع کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024