نیپرا کا عوام کو بڑا جھٹکا، بجلی 7 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے رات کی تاریکی میں صارفین پر بجلی بم گراتے ہوئے جنوری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔
’ڈان نیوز‘ کے مطابق نیپرا کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اضافی وصولیاں مارچ کے بلز میں کی جائیں گی، اطلاق لائف لائن اور کے-الیکٹرک صارفین پر نہیں ہوگا، اس اضافے کے نتیجے میں بجلی صارفین پر سیلز ٹیکس سمیت 66 ارب روپےکا اضافی بوجھ پڑے گا۔
جنوری 2024 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 7 روپے 13 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی درخواست پر 23 فروری کو سماعت مکمل کرنے کے بعد نیپرا نے بھاری فیول ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم تحقیقات کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آسکیں اور نیپرا نے بجلی 7 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کردی۔
دوران سماعت چیئرمین نیپرا پاور ڈویژن اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں پر سخت نالاں تھے، انہوں نے کہا تھا کہ کمپنیاں اپنے معاملات سیدھے کرلیں اور اپنی نااہلی کی سزا عوام کو نہ دیں، نیپرا اتھارٹی کو ربڑ اسٹمپ نہ سمجھا جائے۔
چیئرمین نیپرا نےجنوری کی بھاری فیول ایڈجسٹمنٹ کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔