• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

زلمی کیخلاف ڈوسن کی سنچری رائیگاں، پی ایس ایل9 میں قلندرز کو لگاتار پانچویں شکست

شائع February 25, 2024
صائم ایوب نے 55 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 بلند و بالا چھکوں سے مزین 88 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
صائم ایوب نے 55 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 بلند و بالا چھکوں سے مزین 88 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے میچ میں وین ڈر ڈوسن کی شاندار سنچری کے باوجود پشاور زلمی نے دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز کے خلاف فتح حاصل کر کے قلندرز کو ایونٹ میں لگاتار پانچویں شکست سے دوچار کردیا۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے پشاور زلمی کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی اور یہ فیصلہ بالکل غلط ثابت ہوا۔

بابر اعظم اور صائم ایوب نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور تقریباً 10 رنز فی اوور کی اوسط سے کھیلتے ہوئے سنچری شراکت کے لیے پہلی وکٹ کے لیے سنچری شراکت قائم کی۔

روومین پاول نے صرف 20 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی
روومین پاول نے صرف 20 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی— فوٹو: اے ایف پی

دونوں کھلاڑیوں نے پشاور زلمی کو 136 رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے بڑے مجموعے کی بنیاد رکھی اور اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب بابر 48 رنز بنانے کے بعد اپنے ہم منصب شاہین کی وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے صائم نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور نئے بلے باز روومین پاول کے ساتھ مل کر اسکور کو 175 تک پہنچا دیا جنہوں نے محمد عمران جونیئر کے ایک اوور میں دو چھکوں سمیت 22 رنز بٹورے۔

صائم کی 55 گیندوں پر 8 چوکوں اور 4 بلند و بالا چھکوں سے مزین 88 رنز کی اننگز بھی شاہین کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی جنہوں نے بلے باز کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی جبکہ اسی اوور میں آصف علی بھی پویلین لوٹ گئے۔

روومین پاول نے صرف 20 گیندوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی اور محمد حارث کے ساتھ مل کر ٹیم کی ڈبل سنچری مکمل کرائی۔

صائم ایوب کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی
صائم ایوب کے بولڈ ہونے کا منظر— فوٹو: اے ایف پی

پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے، شاہین شاہ آفریدی تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

یہ پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں اب تک بنایا گیا سب سے بڑا مجموعہ ہے۔

قلندرز نے سیزن کے سب سے بڑے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو دونوں ہی اوپنرز ناکامی سے دوچار ہوئے اور صاحبزادہ فرحان 15 اور فخر زمان صرف 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جنوبی افریقہ کے وین ڈر ڈوسن کا ساتھ دینے ویسٹ انڈیز کے شے ہوپ آئے اور دونوں نے مشکل وقت میں ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 71 رنز ی شراکت قائم کی۔

ڈوسن نے 27 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی لیکن دوسرے اینڈ پر بیٹنگ کرنے والے ہوپ 29 رنز بنانے کے بعد سلمان ارشاد کی وکٹ بن گئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں 3 وکٹیں حاصل کیں— فوٹو: اے ایف پی

ڈوسن نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے بلے باز احسن حفیظ کے ہمراہ مزید 55 رنز جوڑ کر اسکور کو 164 تک پہنچا دیا، احسن نے آؤٹ ہونے سے قبل 20 رنز بنائے۔

جنوبی افریقی بلے باز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کی پہلی سنچری اسکور کی لیکن اس دوران 13 رنز بنانے والے جہانداد خان بھی پویلین لوٹ گئے۔

قلندرز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنا سکی اور اس طرح پشاور زلمی نے دلچسپ مقابلے کے بعد میچ میں 8 رنز سے کامیابی حاصل کر لی۔

ڈوسن نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 104 رنز کی باری کھیلی لیکن ان کی یہ اننگز بھی قلندرز کا ایونٹ میں لگاتار پانچویں شکست سے نہ بچا سکی۔

ڈوسن نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 104 رنز کی باری کھیلی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
ڈوسن نے 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 104 رنز کی باری کھیلی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

88 رنز کی اننگز کھیلنے والے صائم ایوب کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024