چیف جسٹس کیخلاف دھمکی آمیز سوشل میڈیا مہم چلانے والے ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ منظور
چیف جسٹس کے خلاف دھمکی آمیز سوشل میڈیا مہم چلانے والے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
ملزم عبدالواسع کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی کی مقامی عدالت میں مجسٹریٹ عادل سرورسیال کے سامنے پیش کیا گیا۔
عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
واضح رہے کہ 22 فروری کو چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی آمیز مہم چلانے والے ملزم کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ملزم عبدالواسع کو ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے حوالے کر دیا تھا، راولپنڈی کے رہائشی ملزم عبدالواسع نے سوشل میڈیا پر چیف جسٹس کی کردار کشی کی اور دھمکیاں دی تھیں۔
یاد رہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کاررروائی کرتےہوئے چیف جسٹس کے خلاف مذموم مہم چلانے والے ملزم کو حراست میں لےلیا تھا۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف سوشل میڈیا پر غلیظ مہم چلانے والے دیگر کرداروں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔