• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

آصف زرداری پر سنگین الزامات: شیخ رشید کی ضمانت میں توسیع

شائع February 24, 2024
— فوٹو: عمر برنی
— فوٹو: عمر برنی

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ڈاکٹر سہیل تھہیم نے سماعت کی، شیخ رشید احمد اپنے وکلا سردار شہباز اور دیگر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کہا کہ شیخ صاحب پہنچ گئے ہیں، طبیعت کیسی ہے، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جی پہنچ گیا، طبیعت کچھ ٹھیک نہیں ہے۔

عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ دلائل ہونے ہیں اس کیس میں، جس پر وکیل سردار شہباز نے بتایا کہ سینئر کونسل سردار عبدالرازق نے دلائل دینے ہیں، وہ ہائی کورٹ الیکشن میں مصروف ہیں، آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ رمضان کے بعد کی کوئی تاریخ دے دیں۔

عدالت نے شیخ رشید احمد کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی، اور آئندہ سماعت پر دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ جنوری 2023 کے آخر میں پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔

شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آب پارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا۔

مذکورہ ایف آئی آر میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ رشید نے بول نیوز پر ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ’آصف زرداری نے کچھ دہشت گردوں کی خدمات حاصل کی ہیں جو عمران خان مروانا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں الزام علیہ کے پاس تمام معلومات موجود ہیں جو کہ وہ بتانے کو تیار ہیں‘۔

ایف ؔآئی آر میں مزید کہا گیا کہ شیخ رشید نے یہ بیان ایک سازش کے تحت دیا وہ سابق صدر کو بدنام کرنا اور ان کے اور ان کے خاندان کے لیے مستقل خطرہ پیدا کرنا چاہتے تھے۔

درخواست گزار نے ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا کہ شیخ رشید اس من گھڑت اور بے بنیاد سازش کا ذکر کر کے دو گروہوں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی میں تصادم کرانا چاہتے ہیں تا کہ ملک کا امن خراب ہو۔

2 فروری 2023 کو سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

16 فروری 2023 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست ضمانت منظور کرلی تھی، جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024