• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

نامور برازیلین فٹبالر کو ریپ کے جرم میں ساڑھے 4 سال قید کی سزا

شائع February 23, 2024
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسپین کی عدالت نے برازیل کے سابق فٹبالر ڈینی ایلوس کو ریپ کے جرم میں ساڑھے 4 سال قید کی سزا سنا دی۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق 40 سالہ ڈینی الویز پر الزام تھا کہ انہوں نے دسمبر 2022 میں بارسلونا کے ایک نائٹ کلب میں نوجوان خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی کی تھی۔

اس کے علاوہ عدالت نے 3 بار چیمپیئنز لیگ جیتنے والے ڈینی الویز کو جیل کی سزا پوری کرنے کے بعد 5 سال پروبیشن کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی عدالت نے فٹبالر کو متاثرہ خاتون کو ایک لاکھ 50 ہزار یورو (ایک لاکھ 62 ہزار ڈالرز) معاوضہ بھی ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔

بارسلونا کی عدالت نے کہا کہ ’متاثرہ خاتون سے زبردستی کی گئی، خاتون کی مرضی شامل نہیں تھی اور متاثرہ خاتون کی گواہی کے علاوہ ایسے شواہد موجود ہیں جس سے ملزم کا جرم ثابت ہوگیا ہے‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عدالت نے فیصلہ کیا ہے کہ مدعا علیہ نے شکایت کنندہ سے زبردستی کی، اسے زمین پر پھینکا اور اس کی مرضی کے خلاف جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، اس دوران خاتون نے بھی مزاحمت کرنے کی کوشش کی‘۔

استغاثہ نے 40 سالہ فٹبالر کے لیے 10 سال پروبیشن کے ساتھ 9 سال قید کی سزا کی درخواست کی تھی۔

ڈینی الویز نے اپنے دفاع میں اصرار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں خاتون کی رضامندی شامل تھی، عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔’

متاثرہ خاتون (جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی) نے زور دے کر کہا کہ ڈینی ایلوس نے مبینہ طور پر خاتون کی اجازت کے بغیر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کی اور پھر باتھ روم تک ان کا پیچھا کیا جس پر خاتون نے کلب کے سیکیورٹی اسٹاف کو اس بارے میں آگاہ کیا۔

فوٹو: اے ایف پی
فوٹو: اے ایف پی

ڈٖینی ایلوس نے اپنے دفاع میں کیا کہا؟

پورے مقدمے کے دوران ڈٖینی ایلوس نے اپنا دفاع کرتےہوئے کہا کہ واقعے کے روز وہ نشے کی حالت میں تھے۔

تین روزہ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت میں موجود ڈینی الویز نے گواہی دی کہ خاتون کے ساتھ جنسی زیادتی رضامندی سے ہوا تھا، انہوں نے لڑکی کو مارنے یا بال پکڑنے کے الزامات کی تردید کی۔

ڈینی الویز نے کہا کہ ’میں اس قسم کا آدمی نہیں ہوں، میں پرتشدد انسان نہیں ہوں، اگر وہ جانا چاہتی تو وہ جا سکتی تھی، وہ وہاں رکنے کی پابند نہیں تھی۔‘

عدالت نے نشاندہی کی کہ متاثرہ خاتون کے گھٹنوں پر لگنے والی چوٹیں ڈینی ایلوس کے تشدد کا نتیجہ تھیں۔

ابتدائی طور پر ڈینی ایلوس نے ایک ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے مذکورہ خاتون کو کبھی دیکھا ہی نہیں تاہم بعدازاں انہوں نے لڑکی سے جنسی تعلق کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں دونوں کی مرضی شامل تھی۔

فٹبالر جنوری 2023 میں گرفتاری کے بعد سے پولیس کی حراست میں ہیں، ضمانت کی درخواستوں کے باوجود عدالت نے انہیں ملک چھوڑنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے رہا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

ڈینی الویز فٹبالر کی دنیا میں جانا مانا نام ہے، انہوں نے اپنے کامیاب کیریئر میں 42 ٹرافیاں جیتیں، وہ سال 2008 سے 2016 تک بارسلونا کے ساتھ رہے جہاں انہوں نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، جس کے دوران انہوں نے 23 ٹرافیاں جیتیں۔

گرفتاری کے وقت وہ میکسیکو کے کلب Pumas UNAM کے لیے کھیل رہے تھے لیکن حراست میں لیے جانے کے فوراً بعد انہیں ٹیم سے نکال دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024