• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

پی ٹی آئی کے منتخب اراکین اسمبلی کا پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور شرکت کا فیصلہ

شائع February 22, 2024
فائل فوٹو: ڈان نیوز
فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان تحریک انصاف کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار میاں اسلم اقبال سمیت پی ٹی آئی کے تمام نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی جمعہ کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر قائدین کا اہم اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ صورتحال کے ساتھ ساتھ کل ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سینئر پی ٹی آئی رہنماؤں نے نشستوں سے محروم کیے گئے امیدواروں کو اجلاس کے دوران پنجاب اسمبلی کے باہر بھرپور احتجاج کرنے کی ہدایت کر دی۔

پنجاب میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار میاں اسلم اقبال سمیت پی ٹی آئی کے تمام نومنتخب اراکین صوبائی اسمبلی کے جمعہ کے روز بلائے گئے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ میاں اسلم اقبال کو وزارتِ اعلیٰ کے انتخاب کے عمل سے باہر رکھنے کے لیے شرمناک ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں اور مریم نواز کے لیے ریاستی مشینری کے ذریعے میدان خالی کروانے کی بزدلانہ کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پشاور ہائی کورٹ سے تمام مقدمات میں ضمانتوں کے باوجود پنجاب پولیس کے ذریعے میاں اسلم اقبال کے اغوا کی بھونڈی کوشش کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی کے منتخب اراکین میاں اسلم اقبال کے ہمراہ اسمبلی پہنچیں گے اور ملک کو بنانا ریپبلک اور پنجاب کو قزاقوں کا راجواڑہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024