• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

مقدمات کی تفصیلات فراہمی کی درخواست: شبلی فراز کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم

شائع February 21, 2024
سینیٹر شبلی فراز —فائل فوٹو: ڈان نیوز
سینیٹر شبلی فراز —فائل فوٹو: ڈان نیوز

پشاور ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے مقدمات کی تفصیل کے لیے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے انہیں 26 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شبلی فراز نے انعام ایڈووکیٹ کی وساطت سے آج ہی عدالت میں مقدمہ دائر کیا جس کی سماعت جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس عتیق شاہ نے کی۔

عدالت نے سینیٹر شبلی فراز کو 26 فروری کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیے کہ 26 فروری تک شبلی فراز کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ 7 مارچ 2023 کو پولیس نے شبلی فراز پر اسلام آباد پولیس ٹیم کو دھمکانے پر ایف آئی آر درج کی تھی۔

اس کے علاوہ 19 مارچ کو اسلام آباد پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سمیت شبلی فراز اور دیگر پر ایف آئی آر درج کی تھی۔

بعد ازاں 25 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی جوڈیشل کمپلیکس پر حملے کے کیس میں ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

واضح رہے کہ یکم مارچ 2023 کو سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جوڈیشل کمپلیکس اور اسلام آباد ہائی کورٹ آمد پر ہنگامہ آرائی پر 2 علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلیے گئے تھے۔

ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں ایک ہجوم نما لشکر اشتعال انگیز نعرے بازی کرتے ہوئے پیدل اور گاڑیوں پر جوڈیشل کمپلیکس کے مرکزی گیٹ پر پہنچا۔

مقدمات میں فرخ حبیب سمیت اُس وقت پی ٹی آئی میں موجود دیگر رہنماؤں راجا خرم، مرادسعید، علی نواز، عامرکیانی، ، غلام سرور خان راجا بشارت، شہزاد وسیم، شبلی فراز، کرنل عاصم، میجر طاہر صادق اور حماد اظہر کے نام شامل کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024