ذوالفقار علی بھٹو، بینظیر کی عزت کرتے ہیں مگر زرداری ٹولے کو نہیں مانتے، ایاز پلیجو
رہنما گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) ایاز لطیف پلیجو نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر کی عزت کرتے ہیں مگر زرداری ٹولے کو نہیں مانتے ہیں۔
دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ صرف یہاں موجود عوام کا نہیں بلکہ ہماری نسلوں کا ہے، ہم ناانصافیوں کی وجہ سے یہاں موجود ہیں، سندھ کی ماں بہنیں بیٹیاں انصاف کے لیے در بدر بھٹک رہی ہیں، یہ نہ سمجھیں کہ ہم سادہ لوگ ہیں، ہم سب سمجھتے ہیں۔
مخالفین کو مخاطب کرتے ہوئے ایاز پلیجو نے کہا کہ آپ نے اسکرپٹ بنایا ہے یہاں اچانک سے کچھ نہیں ہورہا، سندھ کو سزا دینے کی پالیسی بنائی گئی ہے، سندھ کے بڑے شہروں کو دہشتگردوں کے حوالے کیا گیا ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ آصف زرداری کے غنڈوں نے سازش کے تحت تعلیم، صحت اور تمام اداروں کا بیڑا غرق کردیا ہے.
ایاز پلیجو نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سینکڑوں صنعتیں ختم کردی گئی ہیں، صنعتیں اس لیے ختم کی گئی ہیں تا کہ لوگ بھیک مانگنے پر مجبور ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی سندھ کا پانی چراتا ہے تو یہ صرف خط لکھتے ہیں اور انور مجید پر ادارے ہاتھ ڈالتے ہیں تو یہ سڑکیں بلاک کرتے ہیں، یہ لابنگ فرمز کی خدمات حاصل کر کے اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہیں۔
ایاز پلیجو نے مزید بتایا کہ آج انہوں نے پبلک سروس کمیشن کا پیپر آؤٹ کردیا، انہوں نے اربوں روپے پیپر آؤٹ کرکے کما لیے اور سندھ کے نوجوانوں کی امیدیں ختم کر دی، ان کا مستقبل فروخت کردیا۔
۔