• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

پی ایس ایل9 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست، ملتان سلطانز کی لگاتار دوسری فتح

شائع February 20, 2024
عماد وسیم کو آؤٹ کرنے کے بعد عباس آفریدی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
عماد وسیم کو آؤٹ کرنے کے بعد عباس آفریدی جشن منا رہے ہیں— فوٹو: اے ایف پی
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی— فوٹو بشکریہ پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔

ملتان میں کھیلے گئے لیگ کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو 14 رنز پر دونوں غیرملکی اوپنرز ایلکس ہیلز اور کولن منرو پویلین لوٹ چکے تھے۔

اس موقع پر آغا سلمان کا ساتھ دینے گزشتہ میچ کے ہیرو اور کپتان شاداب خان کی جگہ جورڈن کوکس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 68 رنز جوڑے۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اسامہ میر کی گیند پر 41 رنز بنانے والے جورڈن کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا جبکہ 14ویں اوور میں ٹیم کی سنچری مکمل ہونے کے ساتھ ہی اعظم خان بھی پویلین لوٹ گئے۔

عماد وسیم بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف ایک رن بنا کر چلتے بنے۔

105 رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد شاداب خان کی وکٹ پر آمد ہوئی اور انہوں نے 52 رنز کی باری کھیلنے والے آغا سلمان کے ساتھ مل کر اسکور کو 142 تک پہنچا دیا۔

شاداب 11 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے تو یونائیٹڈ نے 140 رنز بنائے تھے لیکن 144 رنز پر پوری ہی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔

سلطانز کی جانب سے محمد علی نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 19 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں جبکہ عباس آفریدی نے تین اور اسامہ میر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سلطانز کو پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا اور نسیم شاہ نے انگلینڈ سے آئے ڈیوڈ ملان کو بولڈ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔

اس کے بعد کپتان رضوان کا ساتھ دینے ریزا ہینڈرکس آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی ساجھے داری بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کی بنیاد رکھی۔

یونائیٹڈ کو دوسری کامیابی اس وقت ملی جب کپتان شاداب کی گیند پر 43 رنز بنانے والے ان کے ہم منصب رضوان 43 رنز بنانے والے رضوان کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔

نوجوان یاسر خان صرف 8 رنز بنا سکے لیکن دوسرے اینڈ سے ریزا ہینڈرکس ڈٹے رہے اور شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کو فتح کی دہلیز تک پہنچا دیا۔

میچ اختتامی لمحات میں انتہائی سنسنی خیز ہو گیا لیکن افتخار احمد سمیت سلطانز کے بلے بازوں نے اعصاب قابو میں رکھتے ہوئے اپنی ٹیم کو میچ کی آخری گیند پر فتح سے ہمکنار کرا دیا۔

ریزا ہینڈرکس نے 46 گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے جبکہ افتخار نے بھی مشکل وقت میں 18 رنز کی باری کھیلی۔

اسلام آباد یونائیٹد کی جانب سے نسیم شاہ دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ عماد وسیم، ٹائمل ملز اور شاداب نے ایک، ایک وکٹ لی۔

19 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے والے محمد علی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

ملتان سلطانز: محمد رضوان(کپتان)، ڈیوڈ ملان، ریزا ہینڈرکس، یاسر خان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، ڈیوڈ ولی، اسامہ میر، عباس آفریدی، محمد الیاس اور اولی اسٹون۔

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان(کپتان)، ایلکس ہیلز، کولن منروم سلمان علی آغا، اعظم خان، جورڈن کوکس، عماد وسیم، فہیم اشرف، نسیم شاہ، عبید شاہ اور ٹائمل ملز۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024