• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:14am Sunrise 6:39am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:49am

9 مئی مقدمات: علی امین گنڈاپور، فیصل جاوید کی راہداری ضمانت منظور

شائع February 19, 2024
—فوٹو: سوشل میڈیا/عبداللہ مہمند
—فوٹو: سوشل میڈیا/عبداللہ مہمند

پشاور ہائی کورٹ نے نامزد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا و رہنما تحریک انصاف (پی ٹی آئی) علی امین گنڈا پور اور سینیٹر فیصل جاوید کی اسلام آباد میں درج مقدمات میں راہداری ضمانت منظور کرلی۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ابراہیم خان نے علی امین گنڈاپور اور فیصل جاوید کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ تو بہت پرانا مقدمہ ہے، علی امین گنڈا پور کہاں تھے؟ وکیل علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ ہمیں اس مقدمے کے بارے میں معلوم نہیں تھا۔

وکیل علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ ڈی آئی خان بنچ نے پہلے ہی مقدمات ضمانت دی ہے۔

دریں اثنا پشاور ہائی کورٹ نے علی امین گنڈا پور کی ضمانت منظور کرلی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

علاوہ ازیں پشاور ہائی کورٹ نے سینیٹر فیصل جاوید کی راہداری ضمانت بھی منظور کرلی اور انہیں ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

عمران خان سے مشاورت کے بعد کابینہ تشکیل کے معاملات طے ہوں گے، علی امین گنڈاپور

عدالت پیشی کے موقع پر علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں ہمارے اوپر جعلی ایف آئی آر درج کی گئیں، آج بھی ایک کیس. میں عدالت نے ضمانت دے دی ہے، عمران خان بھی جلد رہا ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مختلف جماعتوں کے ساتھ اتحاد کرنے پر کام کر رہی ہے، عمران خان کے ساتھ مشاورت کے بعد کابینہ تشکیل کے معاملات طے کیے جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں وزرا کے لیے نام شارٹ لسٹ کرلیے ہیں، فیصلہ عمران خان کریں گے، عمران خان جو فیصلہ کریں گے وہ سب کو قبول ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ تکالیف سے بھاگیں ہیں ان کی جگہ نہیں، ہمیں پتا چل گیا ہے کہ سخت حالات میں کس نے مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق سے اپنا حق لیں گے، اس میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔

عمران خان کی رہائی کا سب کو انتظار ہے، سینیٹر فیصل جاوید

عدالت پیشی کے موقع پر فیصل جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب پر مشکل وقت گزرا ہے، دعا ہے کہ سب مظلوم اپنے گھروں کو واپس آجائیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کا سب کو انتظار ہے، جلد ہی بانی پی ٹی آئی قوم کے بیچ ہوں گے۔

پسِ منظر

خیال رہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف 9 مئی واقعات سے متعلق کیس تھانہ رمنا اسلام آباد اور فیصل جاوید کے خلاف کیس تھانہ بنی گالہ میں درج ہے، ان کیسز میں دونوں کو آج ضمانت مل گئی ہے۔

9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف متعدد مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 نومبر 2024
کارٹون : 23 نومبر 2024