• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:25pm

پی ایس ایل9 میں کراچی کنگز کو پہلے میچ میں شکست، سلطانز 55 رنز سے کامیاب

شائع February 18, 2024
ملتان سلطانز نے میچ میں 55 رنز سے کامیابی حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
ملتان سلطانز نے میچ میں 55 رنز سے کامیابی حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
کراچی کنگز کے میر حمزہ نے اننگز کی ابتدا میں ہی محمد رضوان کی وکٹ حاصل کر لی تھی— فوٹو: اے ایف پی
کراچی کنگز کے میر حمزہ نے اننگز کی ابتدا میں ہی محمد رضوان کی وکٹ حاصل کر لی تھی— فوٹو: اے ایف پی

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 55 رنز سے شکست کر ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کر لیا۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سلطانز کو اننگز کی ابتدا میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا اور سلطانز کے کپتان محمد رضوان تیسرے ہی اوور میں میر حمزہ کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے ریزا ہینڈرکس آئے اور دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے 121 رنز کی ساجھے داری بنا کر اپنی ٹیم کو بہتر پوزیشن میں پہنچا دیا۔

ڈیوڈ ملان 41 گیندوں پر 52 رنز بنانے کے بعد ڈینیئل سیمز کی وکٹ بن گئے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے۔

دوسرے اینڈ سے ہینڈرکس نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور آخری 23 گیندوں پر خوشدل شاہ کے ساتھ مل کر مزید 47 رنز جوڑے۔

ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

ہینڈرکس نے 54 گیندوں پر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 79 رنز بنائے جبکہ خوشدل کی 13 گیندوں پر 28 رنز کی باری میں چار چوکے شامل تھے۔

ہدف کے تعاقب میں اننگز کے تیسرے ہی اوور میں کراچی کنگز کو بڑے دھچکے لگے جب انگلینڈ سے آئے ڈیوڈ ولی نے یکے بعد دیگرے دو گیندوں پر ہم وطن جیمز ونس کے ساتھ ساتھ سعد بیگ کو بھی چلتا کردیا۔

لگاتار دو گیندوں پر دو کھلاڑیوں کے آؤٹ کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم دباؤ میں آ گئی اور شعیب ملک اور شان مسعود کی ذمے دارانہ بیٹنگ کے باوجود رن ریٹ بتدریج بڑھتا گیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے 52 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 62 تک پہنچا دیا لیکن نویں اوور کی آخری گیند پر اسامہ میر نے شان مسعود کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

دوسرے اینڈ سے شعیب ملک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے لیکن 99 کے مجموعے پر عباس آفریدی نے انہیں چلتا کردیا۔

اس کے بعد کیرون پولارڈ کے 28 رنز کے سوا بقیہ کھلاڑی سلطانز کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکی اور مقررہ اوورز میں کراچی کنگز کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنا سکی۔

ملتان سلطانز نے میچ میں 55 رنز سے کامیابی حاصل کر کے ایونٹ کا کامیابی سے آغاز کر لیا۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی نے تین جبکہ ڈیوڈ ولی اور عباس آفریدی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

54 گیندوں پر 79 رنز بنانے والے ریزا ہینڈرکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024