• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

انڈسٹری میں بُرے کام آفر ہو رہے، نہیں چاہتا بیٹا اداکاری کرے، یاسر حسین

شائع February 18, 2024
فائل فوٹو: انسٹاگرام
فائل فوٹو: انسٹاگرام

نامور اداکار یاسر حسین نے پاکستانی ڈراما انڈسٹری پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انڈسٹری اچھی نہیں ہے، یہاں بُرے کام آفر ہورہے ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ ان کا بیٹا اداکاری کرے۔

خیال رہے کہ یاسر حسین اور اقرا عزیز نے دسمبر 2019 میں شادی کی تھی، ان کے ہاں پہلے بیٹے کبیر حسین کی پیدائش جولائی 2021 میں ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر یاسر حسین کی ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں وہ پاکستانی ڈراما انڈسٹری کو آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں۔

یاسر حسین نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کو کسی چیز سے نہیں روکیں گے، اگر وہ اس انڈسٹری میں آنا چاہتا ہے تو وہ اس کی مرضی ہے۔

یاسر حیسن نے کہا کہ ’لیکن میرا بالکل دل نہیں مانتا کہ بیٹا اداکاری کرے، اداکار کا کام اچھی اداکاری کرنا ہوتا ہے اور اپنے کام کو منوانا ہوتا ہے، لیکن آج کل صرف بُرا کام آفر ہورہا ہے، جو ڈرامے ہٹ ہورہے ہیں وہ کہاں اچھے ڈرامے ہیں؟‘

اداکار نے کہا کہ 25 قسطوں کی اسکرپٹ کا ڈراما ٹی وی پر 40 قسطوں میں دکھایا جارہا ہے، ایسے ڈرامے کیسے اچھے ہوسکتے ہیں؟

پاکستانی ڈرامے بھارت اور پوری دنیا میں ٹاپ ٹرینڈ ہونے کی وجہ سے متعلق سوال پر یاسر حسین نے کہا کہ ’ہر کسی کے گھر نیٹ فلکس نہیں ہے، کونسی پوری دنیا ہمارا ڈراما دیکھ رہی ہے؟ بھارت کا اپنا کونٹینٹ دیکھا ہے کبھی؟ وہ قومیں جن کے پاس گھٹیا کوالیٹی کا ڈراما ہے صرف وہی لوگ ہمارا ڈراما دیکھ رہے ہیں اس کے علاوہ کون دیکھ رہا ہے ؟‘

انہوں نے کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ ہمارا ڈراما کوریا اور ایران میں دیکھا جارہا ہے‘، جس پر میزبان نے کہا کہ شاید وہ مختلف زبان ہونے کی وجہ سے نہیں دیکھ رہے۔

بعدازاں یاسر حسین نے جواباً کہا کہ ’لیکن ہم دوسری زبانوں کے ڈرامے ضرور دیکھ رہے ہیں، ہمارے ڈرامے انگلینڈ، امریکا میں وہ لوگ جن کے پاس کرنے کو کچھ نہیں اور ان کا کام اپنے بچوں کو بس اردو سکھانا ہے، وہ ضرور ہمارے ڈرامے دیکھ رہے ہیں۔‘

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024