الیکشن کو نہیں مانتے، آئین و قانون کے اندر رہ کر اپنی جدوجہد کریں گے، اسد قیصر
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہم الیکشن کو نہیں مانتے اور آئین و قانون کے اندر رہ کر اپنی جدوجہد کریں گے۔
پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کے قائدین کے درمیان ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہمارا اس وقت ون پوائنٹ ایجنڈا الیکشن میں دھاندلی ہے، عوام کے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا ہے، ہم الیکشن کو نہیں مانتے اور اپنی لڑائی لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کے اندر رہ کر اپنی جدوجہد کریں گے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام جماعتوں سے رابطہ ہو، وہ تمام جو دھاندلی کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں ان کو اکٹھا کر رہے ہیں، جماعت اسلامی کو بھی جدوجہد میں شامل ہونے کی دعوت دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اب فیصلے عوام نے کرنے ہیں جو کہ کمروں میں نہیں ہوں گے۔