خیبر پختونخوا میں کوڑے دانوں سے (ن) لیگ کے فارم 45 ملے ہیں، مریم اورنگزیب
رہنما مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں کوڑے دانوں سے (ن) لیگ کے فارم 45 ملے ہیں۔
لاہور میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ایک مہم چلائی گئی کہ الیکشن نہیں ہو رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) بھاگ رہی ہے، الیکشن کی پوری کارروائی پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں تھا، الیکشن والے دن کسی جماعت نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن پر وائٹ پیپرا قوم کے سامنے رکھیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر پہلے فارم 45 پھیلائے گئے، تحریک انصاف کے لوگوں نے اصلی فارم 45 کے بجائے ٹی وی کے اسکرین شاٹس جمع کرائے ہیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہمارے پاس موجود فارم 45 جعلی ہوں، خیبر پختون خوا میں کوڑے دانوں سے (ن) لیگ کے فارم 45 ملے، الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر لوڈ فارم 45 ہی اصلی ہے، یہ فتنہ اور سازشی گروہ ہے۔
مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا کہ یہ لوگ امریکی ایجنٹ ہیں جنہیں باہر سے فنڈنگ آرہی ہے، یہ منظم جرائم کرکے جھوٹا بیانیہ بناتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ 2014 نہیں ہے۔
’پی ٹی آئی نے ڈیجیٹل دہشت گردی کی ہے‘
بعد ازاں پریس کانفرنس سے بات کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ یہ ڈیجٹل دھاندلی کی جارہی ہے، پی ٹی آئی نے ڈیجیٹل دہشت گردی کی ہے، جعلی فارم 45 بڑی تعداد میں اپلوڈ کیے گئے ہیں، اگر دھاندلی ہوتی تو کیا ہمارے بڑے رہنما ہارتے؟
عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں آپ کی اکثریت ہے تو کیا وہاں دھاندلی نہیں ہوئی؟ آپ امریکا سے مدد کی اپیل کررہے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ صرف ابتدائی 15 فیصد نتائج پر پاکستان تحریک انصاف کے گوہر خان نے کہا کہ ہم حکومت بنانےجارہے ہیں، بیان کے چندگھنٹوں بعد بیرسٹر گوہر نےکہا ہم ہار رہےہیں، اس لیے حکومت نہیں بناسکتے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم جمہوریت کو پٹری سے اترنے نہیں دیں گے۔